معاشرے سے برائی ختم کرنے کے لیے اپنی طاقت کے مطابق جدوجہد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے : ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری

قوم کے معماروں کی اخلاقی اور روحانی تربیت وقت کا اہم تقاضا ہے : ڈاکٹر مسعو د احمد مجاہد
منہاج یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب

منہاج یونیورسٹی لاہور کے ’’شعبہ شریعہ‘‘ کے وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری نے کہا ہے کہ معاشرے سے برائی ختم کرنے کے لیے اپنی طاقت کے مطابق جدوجہد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔ برائی کو برائی نہ سمجھنا ایمان کی کمزوری ہے۔ وہی معاشرہ بامراد ہو گا جس کے افراد امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے داعی ہونگے۔ مسلمانوں کو نیکی کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ہو گا۔ پاکستان میں بدحالی اور بدامنی کا عذاب ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو چھوڑ دیا ہے۔ خیر اور نیکی کے کام کی دعوت کو نظر انداز کر دیا ہے۔ جس وجہ سے قوم عذاب الہی کا شکار ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں برائی بڑھ رہی ہے اور ہم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، پروفیسر حافظ زاہد یوسف، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری اور سیکرٹری کوآرڈینشن محمد عباس نقشبندی کے علاوہ اساتذہ کرام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد نے کہا کہ اگر آج بھی پاکستانی قوم اپنے آپ کو بدلنا چاہتی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے تو اس کے لیے یکساں نظام تعلیم بنایا جائے۔ نوجوان ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ طلبہ ملک و قوم کا سرمایہ اور معمار ہیں۔ قوم کے ان معماروں کی اخلاقی اور روحانی تربیت وقت کا اہم تقاضا ہے۔

تبصرہ