علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی فکر تازہ سے منتشر قوم کی شیرازہ بندی کی اور ان میں احساس خودی پیدا کیا : ارشاد احمد طاہر

علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے مایوس قوم کے دلوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی اور قوم کو نشان منزل بھی دیا
تحریک منہاج القرآن شاعر مشرق کی یوم پیدائش کے حوالے سے’’فروغ فکر اقبال مہم‘‘ کا آغاز کرئے گی
تحریک منہا ج القرآن لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں گفتگو

خوش قسمت ہے وہ قوم جس میں جذبہ ملی رکھنے والے عظیم شاعر پیدا ہوئے اور قوم کی صحیح راہنمائی کرتے رہے۔ برصغیر میں بہت سے لائق احترام شعراء اور مصلحین قوم پیداہوئے۔ ان سب کا نام ہماری تاریخ میں جگمگاتا رہے گا لیکن ڈاکٹر علامہ اقبال کا نام اس لئے سب سے روشن اور نمایاں نظر آتا ہے کہ انہوں نے اپنی فکر تازہ سے منتشر قوم کی شیرازہ بندی کی اور ان میں احساس خودی پیدا کیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہا ج القرآن لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام عظیم قومی راہنما اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم پیدائش کے حوالے سے لاہور تنظیم بعنوان ’’فروغ فکر اقبال مہم‘‘ مختلف معلوماتی اورصحت مندانہ سرگرمیاں کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور تنظیم فروغ فکر اقبال مہم میں وطن عزیز کو در پیش اندرونی و بیرونی خطرات، دہشت گردی، بدامنی اور دیگر بحرانوں کا حل فکر اقبال کی روشنی میں اجاگر کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں میں طلبہ وطالبات کے درمیان تقریری مقابلے، مباحثے، پیام اقبال ریلیاں، کارواں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ارشاد احمد طاہر نے کہا کہ ڈاکٹر اقبال نے مایوس قوم کے دلوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی اور اپنے افکار تازہ کے ذریعے قوم کو نشان منزل بھی دیا۔ یہی وجہ ہے کہ علامہ اقبال کا نام ہماری تاریخ میں آب زر سے لکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے تصور میں پنجاب، سرحد، سندھ اور بلوچستان کو ایک عظیم مسلم مملکت کے سانچے میں ڈھلتے ہوئے دیکھا۔ آخر میں امیر لاہور نے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں شریک افراد کو بتایا کہ علامہ اقبال کا یہ بہت بڑا احسان ہے۔ انہوں نے ایک مردہ قوم کو زندہ کیا۔ پاکستان کا تصور دیا اور قائد اعظم کی نشاندہی کی۔ انہوں نے بتایا کہ 9 نومبر کو تحریک منہاج القرآن کے قائدین مزار اقبال پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

تبصرہ