تعلیم کی بہتری کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ناممکن ہے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل
کا خطاب
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ماحول کو بہتر کرنے پر حکومت توجہ دے اور ماحول کو خراب کرنے والے عناصر کو سختی سے روکا جائے۔ تعلیم کی بہتری کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ناممکن ہے۔ جہالت کا خاتمہ ملکی ترقی کا پیش خیمہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم ایس ایم کے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی نائب صدر محمد عرفان یوسف، حافظ عبدالغفار، ایم ایس ایم لاہور کے صدر حافظ رمضان نیازی اور تجمل حسین بھی موجود تھے۔ ساجد گوندل نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ طلبہ تعلیم کی طرف توجہ دیں۔ غیر ضروری اور منفی سرگرمیاں طلبہ کے لئے زہر قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مختلف بحرانوں سے دوچار ہے۔ طلبہ بھی اس بحرانوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ قوم وملک کے وسیع تر مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے ذاتی اور سیاسی اختلافات کو ختم کر کے ساری توجہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم ہی قوم کو جدید مسائل کے حل کا فارمولہ فراہم کر سکتی ہے۔ حکومت کو تعلیم کے دروازے ہر ایک کے لیے یکساں کھولنے چاہیے۔
تبصرہ