تعلیمی نظام بہتر کیے بغیر ترقی ناممکن ہے : ساجد گوندل

اساتذہ کی مضبوط بنیادوں پر تربیت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے
حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجراء کا فیصلہ خوش آئند ہے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوند ل کا تقریب سے خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام بہتر بنائے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ 62 سال سے سیاستدانوں اور بیورو کریسی نے اپنے خاندان پالنے اور ذاتی مفادات حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ اپنی عیاشیوں کو قومی مفاد کے مقابلہ میں ترجیح پر رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک نے اپنی قوم اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ مگر ہم نے ہر ترقی کے معاملہ کو جس سے قوم اور ملک کا مستقبل بلند ہوتا ہے۔ اسے سیاست اور اختلاف کی نذر کر دیا۔ ساجد گوندل نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے تھا کہ تعلیم کو عام اور عوام کے لیے مفت کر دیتے مگر ہم نے تعلیمی شعبہ کو پس پست ڈال دیا۔ اب تعلیم تجارتی شعبہ بن گئی ہے۔ غریب عوام تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ سے دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور معاشرے کی مختلف برائیوں کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنا، تعلیم کے ساتھ تربیت کے لیے منصوبہ بندی کرنا، اساتذہ کی مضبوط بنیادوں پر تربیت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کریں تو ہمیں ان باتوں کا انقلابی بنیادوں پر اجرا کرنا ہوگا۔ ساجد گوندل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجراء کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا اس فنڈ سے غریب طلبہ و طالبات کو سہولت ملے گی جس سے جو ہر قابل، ذہین طالب علم جو مشکلات اور والدین کی غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں گئے۔

تبصرہ