لڑکی کو کوڑے مارنے کے غیر انسانی واقعہ پر منہاج القرآن ویمن لیگ کا احتجاجی مظاہرہ

سوات میں لڑکی کو کوڑے مارنے کے غیر انسانی واقعہ پر منہاج القرآن ویمن لیگ نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرہ لاہور پریس کلب کے باہر مورخہ 4 اپریل 2009ء کو کیا گیا۔ مظاہرے میں اس ظالمانہ، غیرانسانی، غیر اخلاقی اور مذموم واقعہ کی شدید ترین مذمت کی گئی، خواتین نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کاروائی کا مطالبہ کررہی تھیں مظاہرے کی قیادت مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی نے کی۔ انہوں نے مظاہرین میں شریک خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ نے پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ سوات میں لڑکی کو کوڑے مارنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ اسلام کا جو چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں اس سے اسلام اور پاکستان دونوں کی بدنامی ہورہی ہے ایسے عناصر سے حکومت انتہائی سختی سے نبٹے اور اس غیر انسانی فعل میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عورتوں کو کوڑے اور ان پر کتے چھوڑنے جیسے قبیح واقعات کا ہونا ہمارے معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ اسلام نے عورت کو عزت و تکریم کی رفعتیں عطا کی ہیں اور ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں اسے معاشرے میں قابل احترام مقام دیا ہے مگر اسلام کے نام نہاد ٹھیکیدار اس کی تذلیل کرکے پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اسلام انسانیت کو برداشت، احترام، محبت اور سلامتی کا درس دیتا ہے اور اسلام دین رحمت ہے۔ اپنے پرتشدد اور انتہاء پسندانہ عمل سے اسلام جیسے پر امن مذہب کو بدنام کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں۔ اسلام کو اس کی حقیقی روح کے بغیرنافذ کرنے والے جاہلوں کو شعور نہیں کہ ان کے عمل سے پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کیلئے مشکلات کتنی بڑھ رہی ہیں اور اسلام کے حوالے سے غلط فہمیاں جنم لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کے حقیقی سفیر بن کر سلامتی امن، محبت کا پیغام عالمگیر سطح پر پھیلا رہے ہیں۔ ان کی فکر سے رہنمائی حاصل کر کے ان مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

سمیرا رفاقت نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلام نے عورت کو ذلت کے عمیق گڑھوں سے نکال کر عزت و شرف عطا کر کے معاشرے میں مردوں کے برابر حقوق دیئے ہیں اور اسے وہ تکریم عطا کی جو آج کا جدید مغربی معاشرہ بھی دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں جو ظلم کیاگیا ہے، اس پر انسانیت شرمندہ ہے، مٹھی بھر عناصر غیر اسلامی اقدامات کے ذریعے اسلام کو بدنام کرنے پر تلے ہیں، ان کا محاسبہ ہونا چاہئے۔ مظاہرے سے صدر لاہور عائشہ شبیر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ