
منہاج القرآن ویمن لیگ جنوبی پنجاب کے زیرِاہتمام التربیہ استحکامی تربیتی ورکشاپ 2026 کے تیسرے سیشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیمی ذمہ داریوں، ان کی اہمیت اور تقاضوں کے موضوع پر خصوصی تربیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں تنظیمی شعور، باہمی تعاون اور خدمتِ دین کے لیے اجتماعی جدوجہد کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
یہ تربیتی ورکشاپ محترمہ حرا دلبر اعوان صاحبہ (زونل ہیڈ جنوبی پنجاب) اور محترمہ مصباح قادری صاحبہ (نائب زونل ناظمہ جنوبی پنجاب) کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔
ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی ضلعی و تحصیلی ذمہ داران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اس تربیتی نشست کا مقصد تنظیمی نظام کو مزید مؤثر بنانا، تربیتی صلاحیتوں کو نکھارنا اور کارکنان کو فکری و عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ میدانِ عمل میں مزید منظم اور فعال کردار ادا کر سکیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس نے روح پرور ماحول کو مزید معطر کر دیا۔ بعد ازاں شرکاء کو خوش آمدید کہا گیا اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے گئے، جن میں تعمیرِ فکر، تشکیلِ کردار اور تنظیمی استحکام کو بنیادی اہمیت حاصل رہی۔
ورکشاپ کے دوران محترمہ لبنیٰ مشتاق صاحبہ (ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ) نے “تنظیمی ذمہ داری، اہمیت اور تقاضے” کے موضوع پر نہایت جامع، فکر انگیز اور مؤثر گفتگو فرمائی۔ آپ نے جماعتی نظم و ضبط اور اجتماعی کام کی اہمیت کو نہایت خوبصورت مثال کے ذریعے واضح کیا کہ جب افراد جماعت کے ساتھ جڑے رہتے ہیں تو وہ ہر چیلنج کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں، جبکہ تنہائی کمزوری کا سبب بن جاتی ہے۔ آپ کی گفتگو نے شرکاء میں تنظیمی شعور، احساسِ ذمہ داری اور باہمی تعاون کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔
یہ ورکشاپ تربیت، تنظیم اور کردار سازی کے حوالے سے ایک کامیاب اور مؤثر کاوش ثابت ہوئی جس نے کارکنان کے اندر خدمتِ دین کے جذبے، تنظیمی فہم اور عملی صلاحیتوں کو مزید نکھارا۔










تبصرہ