
اسلام آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کے زیرِاہتمام یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب کے ساتھ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تنظیمی و فکری تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور ہدیۂ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر صدر منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد محترمہ روزینہ ریاض صاحبہ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور مہمانِ خصوصی محترمہ ڈاکٹر بشریٰ ریاض صاحبہ (نائب صدر منہاج القرآن یورپین کونسل) سمیت اسلام آباد کی تمام تنظیمات کو خوش آمدید کہا۔
مہمانِ خصوصی محترمہ ڈاکٹر بشریٰ ریاض صاحبہ نے یومِ تاسیس کے موقع پر مراکزِ علم کے قیام، تنظیمی ذمہ داریوں اور مستقبل کے اہداف پر جامع اور بصیرت افروز بریفنگ دی۔ سوال و جواب کے سیشن کے ذریعے انہوں نے شرکاء کی مؤثر رہنمائی کی، جس سے شرکاء میں جذبۂ عمل، حوصلہ اور فکری بیداری پیدا ہوئی۔
اس موقع پر محترمہ نصرت امین صاحبہ (مرکزی زونل نگران اسلام آباد) نے ممبرشپ کی اہمیت، تنظیمی اہداف اور ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ جبکہ محترمہ خدیجہ قرۃ العین (صدر مصطفوی سسٹرز اسلام آباد) نے مصطفوی سسٹرز کی تنظیمی ورکنگ پر روشنی ڈالی۔
اسی طرح محترمہ شافعہ عمران (ڈائریکٹر ایگرز) نے ایگرز ڈیپارٹمنٹ اور بچوں کے مراکزِ علم کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ محترمہ حافظہ سحرش (ناظمہ دعوت) نے دعوت و تربیت، مراکزِ علم اور دورۂ قرآن 2026 کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ تمام سیشنز کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
اس تربیتی و فکری نشست میں اسلام آباد کی مختلف تحصیلات سے 50 سے زائد ذمہ داران اور وابستگان نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی محترمہ ڈاکٹر بشریٰ ریاض صاحبہ کے ہمراہ محترمہ نصرت امین، محترمہ روزینہ ریاض، محترمہ ریاض ریاست اور وائس پریزیڈنٹ محترمہ فریحہ خان نے یومِ تاسیس کا کیک کاٹا، جبکہ دعائیہ کلمات کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔





تبصرہ