منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول ﷺ سے ہوا۔ اس کے بعد محترمہ روزینہ ریاض، صدر MWL اسلام آباد نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور میلاد کی محافل کی دینی و روحانی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اجتماعات نہ صرف محبتِ رسول ﷺ کو تازہ کرتے ہیں بلکہ ہمیں عملی طور پر آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنانے کی یاد دہانی بھی کراتے ہیں۔
اس موقع پر صدر مصطفوی سسٹرز اسلام آباد، محترمہ علیشہ قادری نے مصطفوی سسٹرز کے مشن اور مختلف شعبہ جات میں جاری دینی و سماجی خدمات کا تعارف پیش کیا۔ ایگرز اسٹارز نے "واک آف نور" اور نعتیہ کلام کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کیا جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
محترمہ لبنیٰ مشتاق (ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل) نے قرآن کریم کی آیتِ مبارکہ وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيم کے تناظر میں نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ پر نہایت جامع گفتگو کی۔ انہوں نے حضور ﷺ کے صبر، عاجزی، رحمت، عدل اور حلم جیسے پہلوؤں کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سچی محبتِ رسول ﷺ صرف زبانی دعووں تک محدود نہیں بلکہ آپ ﷺ کی سیرت و سنت کو عملی زندگی میں اپنانے کا نام ہے۔ انہوں نے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ مصطفوی مشن کا حصہ بنیں تاکہ معاشرے میں امن، علم اور روحانی تجدید کا پیغام عام ہو۔
کانفرنس میں معزز مہمانانِ گرامی محترمہ معظمہ یوسف (ڈائریکٹر نادرا)، ڈاکٹر اقرا اکرم (MBBS)، محترمہ فریحہ یوسف (فنانس مینیجر FNF NGO اور فنانس اسپیشلسٹ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اسلام آباد)، مس سمیہ (سب انسپکٹر FIA)، محترمہ رضیہ نوید (سابقہ صدر MWL)، انجینئر مصباح اکرم، مسز شاہد (لیکچرار APS)، مسز سادیہ طارق (لیکچرار بحریہ کالج) اور مسز حرا (کوارڈینیٹر روبریک ایجوکیشن سسٹم) اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تقریباً 400 خواتین نے شرکت کی۔ خواتین نے نہ صرف میلاد مصطفیٰ ﷺ کی خوشیوں میں بھرپور حصہ لیا بلکہ سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے کا عزم بھی کیا۔ پروگرام کے اختتام پر محترمہ سلمیٰ فاروق (ناظمہ دعوت MWL اسلام آباد) نے دعا کرائی۔ یہ محفل ہر اعتبار سے ایک روح پرور اور ایمان افروز اجتماع ثابت ہوئی، جس نے شرکاء کے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ اور سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی سے منور کیا۔
تبصرہ