لاہور پریس کلب میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے ایک شاندار اور پروقار محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں پریس کلب کی ممبران نے شرکت کی۔ اس روح پرور محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
مرکزی خطاب معروف اسکالر اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی ڈائریکٹر دعوت و تربیت حافظہ سحر عنبرین نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر نہایت مدلل انداز میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس تمام انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے اور آج کے پرفتن دور میں ہمارے لیے واحد نجات کا راستہ سنتِ نبوی ﷺ کو اپنانا ہے۔ انہوں نے خواتین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگیاں قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں اور اپنے گھروں میں اسلامی اقدار کو فروغ دیں تاکہ ایک پرامن اور صالح معاشرہ قائم ہو سکے۔انہوں نے زور دیا کہ آج امت کو سب سے زیادہ ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ حضور ﷺ کی سیرت کو عملی زندگی میں نافذ کرے۔
تقریب میں منہاج نعت کونسل کی طالبات نے حضور ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے خوبصورت نعتیں اور قصائد پیش کیے جن پر حاضرینِ محفل جھوم اُٹھے۔یہ محفل نعت درود و سلام کی گونج میں اختتام پذیر ہوئی۔
تبصرہ