بچوں کی برقی مشعلوں کے ساتھ واک، آمدمصطفی ﷺ مرحبا کے نعرے، فضا میں غبارے چھوڑے
سیرت نبویﷺ بچوں کی اخلاقی تربیت کےلئے کامل نمونہ ہے:خرم نواز گنڈاپور
ریلی کا مقصد بچوں میں محبت رسول ﷺ کے جذبات پیدا کرنا ہے:کلثوم قمر
بچوں کی ضیافت میلاد میں انجینئر رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، جوادحامد کی شرکت
لاہور (27 اگست 2025) منہاج القرآن ویمن لیگ ’’ایگرز‘‘کے زیراہتمام بچوں نے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جامع شیخ الاسلام تک استقبال ربیع الاول ریلی نکالی۔ بچے رنگ برنگے ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔ ننھی بچیاں گلابی، سبز اور سنہری دوپٹے اوڑھے عقیدت و احترام کے ساتھ استقبال ربیع الاول ریلی میں شریک ہوئیں۔ مشعل برداربچے تمام راستے آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا کے نعرے لگاتے رہے۔
ریلی میں5 سے 10سال کی عمر کے سینکڑوں بچوں نے شرکت کی۔ ریلی کے آغاز سے قبل بچوں نے فضا میں غبارے اور کبوتر چھوڑے۔ منہاج القرآن کے عملہ کو بھی ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں چاکلیٹس اور سویٹس تحفہ میں دیں۔ منہاج القرآن کے قائدین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ریلی میں شریک بچوں کو خوش آمدید کہا۔
ریلی کے بعد منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں بچوں نے محفل میلاد النبی ﷺ اور ضیافت میلاد کا اہتمام کیا۔ ضیافت میلاد میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ لبنیٰ مشتاق، ڈائریکٹر ایگرز کلثوم قمر، ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، ارشاد اقبال، صائمہ نور، حافظہ سحر عنبرین، رابعہ شفیق، حنا فاطمہ سمیت ننھے بچوں اور بچیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپورنے کہا کہ ایگرز بچوں کی اسلامی تربیت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ آپ ﷺ کی مبارک حیات طیبہ ہم سب کےلئے رول ماڈل ہے۔ انجینئر محمد رفیق نجم نے کہاکہ آج کے بچے کل کا مستقبل ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ بچوں کی اخلاقی تربیت کےلئے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ شیخ الاسلام نے منہاج القرآن کو ہر عمر کے افراد کی تربیت کا مرکز بنایا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر’’ایگرز‘‘ کلثوم قمرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینڈل واک کا مقصد بچوں میں محبت رسول ﷺ کے جذبات پیدا کرنا اور انہیں اسلامی اقدار و ثقافت کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ ریلی میں شریک بچوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ 11اور 12ربیع الاول کی شب مینار پاکستان میں منعقد ہونے والی 42 ویںعالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب سنیں گے۔ تقریب کے اختتام پر بچوں نے میلاد کیک بھی کاٹا، جس کے بعد تمام شرکاء کی ضیافت میلاد سے تواضع کی گئی۔
تبصرہ