منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام پشاور زون کی ذمہ داران کے لیے ٹریننگ آف ٹرینرز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممبر کوآرڈینیشن کونسل محترمہ ارشاد اقبال نے آئندہ سال 2025 کے ورکنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ تربیتی نشست صرف ایک رسمی اجلاس نہیں بلکہ تنظیمی تربیت کے تسلسل کا ایک کلیدی مرحلہ ہے، جو نہ صرف سال 2025 کی ترجیحات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ دعوتی و تنظیمی سفر کو نئی جہت عطا کرتا ہے۔
محترمہ ارشاد اقبال نے واضح کیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے نئے سال کے لیے پانچ بنیادی اہداف مقرر کیے ہیں جن کا مرکز و محور دعوت، تعلیم، تربیت اور سوشل میڈیا کی موثر حکمت عملی ہے۔ ان اہداف میں تنظیمی استحکام، مراکزِ علم کا قیام، عرفان الہدایہ کورسز کا فروغ، سوشل میڈیا پر مضبوط اور منظم دعوتی نیٹ ورک کی تشکیل، اور تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا عملی نفاذ شامل ہے۔
انہوں نے مراکزِ علم کے منصوبے پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تصور صرف ایک تعلیمی یا تربیتی ماڈل نہیں بلکہ امت مسلمہ کی فکری، اخلاقی اور روحانی تعمیر نو کی ایک جامع حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہر گھر بنے گا مرکزِ علم" محض ایک نعرہ نہیں، بلکہ مصطفوی مشن کے عملی نفاذ کی جانب ایک انقلابی قدم ہے، جس کے ذریعے ہم ہر گھر کو علم، تربیت اور شعور کی روشنی سے منور کر سکتے ہیں۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے ان مراکز کے مجوزہ تربیتی ماڈیولز، سرگرمیوں، اور ممکنہ نتائج پر بھی روشنی ڈالی، اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں ان منصوبوں کی عملی شکل میں منتقلی کو یقینی بنائیں تاکہ مصطفوی مشن کا پیغام ہر دل تک پہنچ سکے۔
تبصرہ