منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی نے شعبہ عرفان الہدایہ کے اشتراک سے آنلائن فہم القرآن کورس (سیشن 2) کا شاندار انعقاد کیا، جس کا دورانیہ دس روز پر مشتمل رہا۔ اس کورس کا بنیادی مقصد قرآن مجید کے ساتھ رجوع، فہم، تدبر، تجوید اور عملی زندگی میں اس کے پیغام کو نافذ کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ ہر دن کی کلاس کا آغاز نہایت روح پرور انداز میں تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا، جس میں مختلف طالبات و مہمان خواتین نے حصہ لیا۔
کورس کی انفرادیت یہ تھی کہ روزانہ کی بنیاد پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے قرآن، اہل بیت اطہار، محبتِ رسول ﷺ، اور قرآن کے صوتی و معنوی پہلوؤں پر مشتمل منتخب ویڈیو کلپس شامل کیے گئے، جنہوں نے سامعات کو روحانی و فکری طور پر جھنجھوڑا اور رجوع الی القرآن کی رغبت پیدا کی۔ ان کلپس میں قرآن سے مستقل تعلق، ربط رسالت و الوہیت، محبت پنجتن، اور فہم قرآن کی اہمیت جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
تجوید کی کلاسز تجوید اسکالر محترمہ جویریہ افضل صاحبہ نے نہایت سادہ، مؤثر اور قابل فہم انداز میں پڑھائیں۔ حروف کے مخارج، حروفِ مدہ، قلقلہ، نون ساکن و تنوین، میم ساکن، ادغام، اخفاء اور اقلاب جیسے قواعد کو آسان مثالوں اور سلائیڈز کے ذریعے سمجھایا گیا۔ روزانہ سبق کی دہرائی اور مشق بھی کروائی گئی تاکہ سامعات صحیح تلفظ و قراءت کے ساتھ قرآن کی تلاوت سیکھ سکیں۔
تفسیر و ترجمہ کے شعبہ میں دو اہم اسکالرز نے اپنی تدریسی خدمات انجام دیں:
محترمہ حافظہ سحر عنبرین صاحبہ نے سورۃ الکہف کی مکمل آیات کا ترجمہ اور تفسیر بیان کی، جس میں حضرت موسیٰ و خضر، ذوالقرنین، یاجوج ماجوج اور دنیا و آخرت کے حوالے سے بیش قیمت نکات بیان کیے گئے۔
محترمہ لبنی مشتاق صاحبہ (ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ) نے سورۃ النساء کا مکمل ترجمہ و تفسیر نہایت عمدہ انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے قرابت داری، تعدد ازواج، وراثت، حرمتِ انسانی، علاماتِ منافقین، اور زوجین کے حقوق جیسے موضوعات کو گہرائی سے بیان کیا، ساتھ ہی عربی گرامر اور اسم و علاماتِ اسم پر بھی روشنی ڈالی۔
کورس کے دوران ہر کلاس کا اختتام دعاؤں سے کیا گیا، جنہیں منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی نگران محترمہ نصرت رعنا ڈار صاحبہ، صدر کراچی ایسٹ محترمہ ڈاکٹر عنبرین صاحبہ اور دیگر ذمہ داران نے نہایت خشوع و خضوع سے کروایا۔ ان دعاؤں میں خدمتِ قرآن کی قبولیت، ہدایت و استقامت اور علمِ نافع کی طلب شامل تھی۔
محترمہ جویریہ افضل نے تجوید کے تمام اسباق کی جامع دہرائی کروائی جبکہ محترمہ لبنی مشتاق صاحبہ نے سورۃ النساء کی آخری آیات کی تفسیر مکمل کرتے ہوئے پورے کورس کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے قرآن فہمی کے اس سفر پر تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور تلقین کی کہ اس علم کو اپنی بستیوں تک پہنچائیں۔ شرکاء نے بھی پورے جذبے سے "لبیک" کہا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی اور عرفان الہدایہ کے باہمی تعاون سے فہم و محبتِ قرآن پر مبنی اس عظیم دس روزہ آن لائن کورس کا اختتام ہوا، جو ان شاء اللہ شرکاء کی زندگیوں میں قرآن کے نور کو عام کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں ہمیشہ قرآن سے جڑے رہنے کی توفیق دے۔ آمین۔
تبصرہ