نظامت دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی ضلع گوجرانوالہ کے زیرِاہتمام ضلعی سطح پر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کا 3 جولائی بروز جمعرات انعقاد کیا گیا۔ جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ سنٹرل ایگزیکٹو ٹیم سے خصوصی طور پر ڈائریکٹر منہاجین سسٹرز پاکستان محترمہ عائشہ شبیر صاحبہ نے شرکت کی۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز محترمہ نمرہ سفارش صاحبہ نے تلاوتِ کلامِ پاک اور محترمہ سدرہ فاضل صاحبہ نے نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا۔ محترمہ عائطہ جاوید صاحبہ نے انتہائی خوبصورت اور پرسوز آواز میں منقبت پیش کی جسے شرکائے کانفرنس نے بہت سراہا۔ محرم الحرام کے سلسلہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب بعنوان ” کربلا سے دمشق اور دمشق سے مدینہ“ سنوایا گیا جسے عوام الناس نے بہت انہماک سے سنا۔
محترمہ رافعہ علی اصغر صاحبہ (ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی ضلع گوجرانوالہ) نے شرکائے کانفرنس کو استقبالیہ کلمات پیش کیے، مہمانانِ خصوصی اور دور و نزدیک سے تشریف لانے والی خواتین کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے مقاصد بیان کیے۔ منہاج نعت کونسل وسطی گوجرانوالہ نے انتہائی خوبصورت انداز میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کی شان میں منقبت اور سلام پیش کیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ سنٹرل ایگزیکٹو ٹیم سے تشریف لانے والی مہمان خصوصی ڈائریکٹر منہاجین سسٹرز پاکستان محترمہ عائشہ شبیر صاحبہ نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے نہایت جامع انداز میں اُن کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا اور فرمایا کہ آپؑ کا علم، صبر، جرأت، فصاحت و بلاغت، اور دین سے بے پناہ وابستگی آج کی مسلم عورت کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ اگر آج کی خواتین سیدہ زینبؑ کی سیرت کو سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہوں، تو وہ دینِ اسلام کے تحفظ اور بقاء میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ کربلا وہ میدان ہے جہاں حق و باطل کی آخری لکیر کھینچی گئی، اور امام حسین علیہ السلام نے اپنی جان قربان کر کے دینِ محمدی کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا، جبکہ یزید کی باطل حکومت ہمیشہ کے لیے رسوائی اور ذلت کی۔
سیاسی، ادبی و سماجی شخصیات کا اظہارِ خیال
کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مذہبی رہنما الخدمت فاؤنڈیشن محترمہ عاصمہ شاھین، سیاسی رہنما پی ٹی آئی محترمہ تمکین نقوی صاحبہ، ادبی شخصیت شاعرہ عرفانہ امر، ایڈوکیٹ محترمہ خدیجہ الکبریٰ صاحبہ، منہاج القرآن ویمن لیگ کی سئنیر رہنما محترمہ جمیلہ عمران صاحبہ، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ جنوبی ضلع محترمہ نسرین اسلم صاحبہ اور محترمہ شازیہ عابد صاحبہ نے منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی ضلع گوجرانوالہ کی جانب سے منعقدہ سیدۃ زینبؑ کانفرنس کے حوالے سے اظہارِ خیال پیش کیا۔
انہوں نے کانفرنس کو نہ صرف ایک روحانی اور فکری نشست قرار دیا بلکہ اس میں پیش کیے جانے والے موضوعات، خطاب، اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت سے جڑے پیغامات کو موجودہ دور کی خواتین کے لیے ایک عملی رہنمائی قرار دیا۔
صدر منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی ضلع گوجرانوالہ محترمہ حریرہ باور صاحبہ نے اختتامی کلمات پیش کرتے ہوئے سیدہ زینب سلام اللّٰہ علیہا کے کردار پر عمل پیرا ہونے کی تلقین میں منہاج القرآن کے علم و شعور اور آگاہی کی اس مہم کو متعارف کروانے کے لیے "مراکزِ علم" کے بارے میں انتہائی جامع انداز میں بریفینگ دی اور شرکائے کانفرنس کو دعوت دی کہ اپنے علاقہ جات میں مراکزِ علم قائم کیے جائیں۔ آخر میں منہاج نعت کونسل وسطی ضلع گوجرانوالہ نے انتہائی پرسوز آواز آقا علیہ الصلاۃ والسلام اور اہل بیتِ اطہار کے شان میں سلام پیش کیا۔ محترمہ سیدہ آصفہ محمود صاحبہ(صدر تحصیل نمبر 3) نے اختتامی دعا فرمائی۔
تبصرہ