منہاجینز سسٹرز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام منہاج کالج برائے خواتین کی شہادۃُ العالمیہ (سالِ آخر) کی طالبات کے لیے تربیتی ورکشاپس کے سلسلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی ورکشاپ "حَسُنَ اُولٰٓىٕكَ رَفِیْقًا" کے عنوان سے منعقد ہوئی۔
جس میں مہمانِ خصوصی جناب رانا محمد ادریس قادری (نائب ناظمِ اعلیٰ تحریکِ منہاج القرآن) نے رفاقت کی ضرورت و اہمیت پر مدلل اور مؤثر گفتگو کی۔ آپ نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مجدد وقت کے قافلے میں شامل ہونے کی ترغیب دی اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد سے بھرپور زندگی کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے طالبات کو بتایا کہ مصطفوی مشن جھنگ سے شروع ہو کر آج پوری دنیا میں روشنی پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے طالبات کو تحریک کا رفیق بننے اور مصطفوی معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں طالبات کے ذہنی ابہام کو دور کر کے انہیں فکری و نظریاتی وضاحت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی کتاب "رفیق اور رفاقت" کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور تمام طالبات کو اسے ضرور پڑھنے کی ترغیب دی گئی۔
اختتامی کلمات میں ڈائریکٹر منہاجینز سسٹرز محترمہ عائشہ شبیر نے جناب رانا محمد ادریس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ منہاجینز، حضور شیخ الاسلام کی فکر کی امین و وارث بن کر مصطفوی معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔
تبصرہ