شہداء کی ماؤں کو سلام، وطن پر قربان بیٹوں کی عظیم مائیں: لبنیٰ مشتاق

شہداء کی ماؤں سے ہمیں قربانی، وفا اور حب الوطنی کا جذبہ ملتا ہے
شہداء کی مائیں صبر، ہمت اور عزم کا روشن نمونہ ہیں: منہاج ویمن لیگ
ماؤں کے عالمی دن پر منہاج ویمن لیگ کا شہداء کی ماؤں کو خراجِ عقیدت

Lubna Mushtqa MWL

لاہور (10 مئی 2025) منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر رہنما لبنیٰ مشتاق نے عالمی یومِ ماں کے موقع پر کہا ہے کہ ہمیں ان عظیم ماؤں کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے اپنے بیٹے قربان کیے۔ ان کا صبر، استقامت اور ایثار ایسے اوصاف ہیں جو الفاظ سے بیان نہیں ہو سکتے۔

شہداء کی مائیں وہ باہمت خواتین ہیں جنہوں نے اپنی اولاد کو وطن پر نچھاور کر کے قربانی، حوصلے اور صبر کی نئی تاریخ رقم کی۔ ایسی مائیں نہ صرف بہادری کی علامت ہوتی ہیں بلکہ معاشرے کو ہمت، ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہیں۔ انہی عظیم ماؤں کی گودوں نے وہ جوان پیدا کیے جو دشمن کی جارحیت کے سامنے ڈٹ گئے اور ارضِ وطن کی حرمت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔

لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ آج کا دن صرف ممتا اور محبت کا دن نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم شہیدوں کی ماؤں کے آنسو پونچھیں، ان کے حوصلے کو سلام پیش کریں اور ان کے دلوں میں چھپے درد کو محسوس کریں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ان ماؤں کے وقار اور قربانی کو پوری قوم کی طرف سے سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ یہ مائیں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں جن سے ہمیں سرفروشی، ایثار اور حب الوطنی کی اصل روح کا درس ملتا ہے۔

لبنیٰ مشتاق نے مزید کہا کہ ماں صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ ایک ادارہ، تربیت گاہ اور انسانیت کی پہلی درسگاہ ہے۔ ماں کی محبت، ایثار اور بے لوث خدمت کو کسی ایک دن میں محدود نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ ہر دن، ہر لمحے عزت و احترام کی حقدار ہے۔

اسلام نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھ کر اس کے مرتبے کو بلند ترین مقام عطا کیا۔ قرآن مجید میں والدین، خصوصاً ماں کے ساتھ حسن سلوک کی بار بار تاکید کی گئی ہے، جبکہ رسول اللہ ﷺ نے ماں کے حق کو تین گنا زیادہ اہمیت دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ماں کا درجہ بے نظیر ہے۔

لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرتی بگاڑ اور خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث مائیں تنہائی، مالی دباؤ اور نظر انداز کیے جانے جیسے مسائل سے دوچار ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں ماؤں کی عزت، راحت اور خوشی کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہو گا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ خاندانی نظام کی مضبوطی اور خواتین کی تعلیم، تربیت و فلاح کے لیے عملی کردار ادا کر رہی ہے۔ ماں صرف اولاد کی تربیت نہیں کرتی بلکہ ایک پوری نسل کو سنوارتی ہے۔ ایک اچھی ماں مہذب، بااخلاق اور باکردار معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے، لہٰذا ماؤں کی خدمت ہماری زندگی کا مقصد ہونا چاہیے۔

لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ یومِ ماں صرف ایک تقریب نہیں بلکہ عزم نو کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ماؤں کی عزت کو تسلیم کریں، ان کی دعائیں حاصل کریں اور ان کے مقام کو پہچانیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ تمام ماؤں کو محبت و عقیدت سے سلام پیش کرتی ہے۔

تبصرہ