منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر مرکزی راہنماؤں کے اعزاز میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ایک پروقار تقریبِ تحسین کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں خواتین راہنماؤں کی بے مثال اور شاندار دعوتی، تعلیمی، تدریسی، تربیتی، تنظیمی و تحریکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی مرکزی صدر ڈاکٹر غزالہ قادری نے خصوصی شرکت کی اور سینئر خواتین قائدات کو ایوارڈز، تعریفی سرٹیفکیٹس اور اعزازی شیلڈز پیش کیے۔ اس موقع پر جن خواتین راہنماؤں نے شرکت کی ان میں ڈاکٹر فرح ناز، انیلا الیاس، اُمِ حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر، آمنہ ہاشمی، ثناء وحید، نمرہ گیلانی، رافعہ عروج ملک، مریم اقبال، سیما قرۃ العین، حاجرہ قطب اعوان اور حمیدہ بی بی شامل تھیں۔
تقریب سے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے ویمن لیگ کی سینئر راہنماؤں کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے فرمایا کہ یہ مصطفوی مشن بہتے پانی کی طرح پاکیزہ ہے اور یہاں توفیقِ ایزدی کے مطابق خدمتِ دین کی سعادت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن رواں صدی کی عظیم الشان تجدیدی تحریک ہے، اور مشن سے مضبوط تعلق قائم رکھنا ہر کارکن کا فریضہ ہے خواہ مرکزی سطح پر کوئی ذمہ داری ہو یا نہ ہو۔
شیخ الاسلام نے خواتین راہنماؤں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تحریکی تجربات و مشاہدات نئی ذمہ دار بہنوں تک منتقل کریں اور ان کی سرپرستی کریں۔ انہوں نے تلقین کی کہ خواتین قائدات اجلاسوں، کنونشنز، تعلیمی و تربیتی پروگراموں اور تحریک کے مرکزی ایونٹس میں خود بھی باقاعدگی سے شریک رہیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی شامل رکھیں تاکہ اصلاحِ احوال، تزکیہ نفس اور تصفیہ قلب کا عمل نسل در نسل جاری و ساری رہے۔
تقریب میں یہ بھی بتایا گیا کہ منہاج ویمن لیگ کی تنظیمِ نو کے مرحلہ میں طویل مدت تک خدمات انجام دینے والی بعض سینئر خواتین راہنماؤں نے قیادت سے رخصت کی درخواست کی۔ ان میں سے کچھ بہنوں نے ازدواجی زندگی کے آغاز، کچھ نے تعلیمی مصروفیات اور کچھ نے گھریلو ذمہ داریوں کے باعث رخصت لی۔ قیادت نے ان کی رخصت اس شرط پر منظور کی کہ یہ خواتین مستقبل میں مشن کے ساتھ عملی وابستگی برقرار رکھیں گی اور جب بھی خدمت کی ضرورت پڑی تو لبیک کہیں گی۔
تقریبِ تحسین میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظمین اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی اور بریگیڈیئر (ر) عمر حیات نے بھی شرکت کی، جبکہ ویمن لیگ کی زونل و ضلعی صدور نے آن لائن شرکت کی۔
تبصرہ