حلقہ جات کا مقصد علومِ حدیث کی تعلیم و ترویج اور احادیث نبویﷺ کی روشنی میں معاشرتی تربیت و اصلاح کے فریضہ کی انجام دہی ہے۔ آج معتکفات کو حلقات میں صلہ رحمی کی اہمیت کے بارے میں روشناس کروایا گیا۔ صلہ رحمی کا حقیقی مفہوم قرابہ کی بے اعتنائی اور زیادتی کے باوجود اُن سے خیرخواہی، نرمی، محبت، احسان اور حُسنِ سلوک کا معاملہ رکھنا ہے۔
حضور رحمتِ عالم ﷺ نے صلہ رحمی کرنے والوں کو وسعتِ رزق اور عمر میں خیر و برکت کی بشارت دی ہے۔ صلہ رحمی انسانی روابط کو استوار و مستحکم کرنے اور بارگاہِ ایزدی کی رضا اور رحمت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ رشتہ داروں کے ساتھ تعلقات میں صبر، عفوودرگزر اور مودت کی انفرادی اور اجتماعی سطح پر بہت اہمیت ہے۔ گھریلو اور خاندانی چپقلش اور ناچاقیوں کے مؤثر حل کے لئے خواتین کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ خواتین اولاد کی درست نہج پر تربیت کرکے گھر کو امن اور خوشیوں کا گہوارہ بنا سکتی ہیں۔
رشتہ داروں کی ہر طرح کی اخلاقی یا معاشی اعانت اور کسی مریض کی عیادت اور بیمار پرسی اللہ رب العزت کے قرب کا ذریعہ ہے۔ طبی اور سائنسی تحقیقات کے مطابق رحم دلی انسانی صحت پر نہایت مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ گویا صلہ رحمی وہ جذبہ ہے جو خاندان کی سطح سے لے کر ایک بہترین معاشرے کی تشکیل کے لئے ناگزیر ہے۔
تبصرہ