صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے 37ویں یومِ تاسیس کی مرکزی تقریب سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں موجود ویمن لیگ کی تمام تنظیمات اور وابستگان کو یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معاشرے میں زوال پذیر اقدار کو زندہ کرنے، درست عقائد و نظریات کی حفاظت اور خواتین کی تربیت کے مقاصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے یہ عظیم تنظیم قائم کی۔ جس وقت معاشرے میں مذہبی اور سیکولر طبقات پر مبنی دو انتہائیں موجود تھیں، جہاں خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں تھا، حضور شیخ الاسلام نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا عظیم نیٹ ورک احیائے اسلام، اقامت دین اور عقائد صحیحہ کی ترویج و اشاعت کے لئے ایشیا، یورپ، امریکہ، آسٹریلیا، افریقہ اور فار ایسٹ میں موجود ہے۔
آپ نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں یہ ثابت کیا ہے کہ خواتین مردوں کی طرح صلاحیت و قابلیت رکھتی ہیں اور اُن پہ معاشرتی تشکیل کے ضمن میں بہت سی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ خواتین میں مردوں کی نسبت استقامت اور ایثار و قربانی کا جذبہ زیادہ ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ اللہ رب العزت کے تفویض کردہ فرائض کی انجام دہی کے لئے میدان عمل میں نکلیں اور اُس کے دین کی بقا و سرفرازی میں اپنا کردار ادا کریں۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے قیام کے مقاصد میں خواتین کو اُن کی ذمہ داریوں سے روشناس کروانا اور دینِ مبین کے احیاء کے لئے اُن کو متحرک و فعال کرنا ہے۔
آپ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی تمام عہدیداران، ذمہ داران اور وابستگان کو خراج تحسین پیش کرنے ہوئے کہا کہ اپنی خانگی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ مشنِ مصطفوی کے لئے اُن کی مساعی لائقِ صد افتخار ہیں۔ آپ نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ اللہ رب العزت ان بہنوں کی کاوشوں کو شرفِ قبولیت بخشتے ہوئے ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے، اُن کے ایمان کو مزید مستحکم کرے اور ان کی زندگیوں میں فیوضات و برکات عطا فرمائے۔
تبصرہ