التربیۃ کیمپ 2024 میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری نے ’’ویمن لیڈر شپ‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ آپ نے کہا کہ قیادت ایک ایسی خوبی کا نام ہے جس سے آپ اپنے گرد موجود لوگوں میں جذبۂ عمل ابھار کر اُنہیں تفویض کردہ اہداف کو مکمل کرنے کے لئے رضا مند کر سکتے ہیں۔ ایک بہترین لیڈر وہی ہے جو اپنے ساتھیوں میں اعتماد پیدا کر کے اُنہیں کسی مقصد کے حصول کے لئے متحرک کر سکے۔
ایک لیڈر اپنے ماتحت افراد پر نگران ہوتا ہے اور اسی نسبت سے اُس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کیونکہ وہ اُن کے حوالے سے جوابدہ ہے۔ ایک بہترین لیڈر کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنے عقائد و نظریات کا مکمل فہم رکھتا ہے اور اپنے اہداف کی تکمیل کے لئے اُس کے پاس افرادی قوت موجود ہوتی ہے۔ ایک قائد کو دورِ حاضر کے تقاضوں کا ادراک اور درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت موجود ہونی چاہئے۔ ایک بہترین داعی اور مبلغ وہ ہے جو امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پہ عمل پیرا رہے۔
آپ نے ٹیم ورک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک سے کسی بھی کام میں تنوع اور عمدگی پیدا ہوتی ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی جنم لیتی ہے۔ جماعت میں کام کرنے سے مختلف لوگوں کے ہنر اور صلاحیتیں ابھرتی ہیں۔ ایک لیڈر دوسروں کو ذمہ داریاں سونپ کر اُن کو باعتماد اور بااختیار بناتا ہے۔
آپ نے مزید کہاکہ ہمیں چاہئے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لیکچرز مکمل یکسوئی سے سن کر اپنا محاسبہ کریں اور اپنے اندر بہترین قیادت کی خوبیاں بیدار کریں۔
تبصرہ