چئیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ایگزیکٹو ٹیم کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ آپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی طبع اور مزاج سے تند خوئی، نفرت اور طیش و غضب کو نکال دیں کیونکہ یہ انسانی طبیعت اور صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ اپنی فطرت و جبلت میں حلم و بردباری اور وسعت پیدا کریں اور دوسروں کے ساتھ اپنے رویے اور طرزِ عمل کو مثبت رکھیں۔ تنقیص و تنقید کی بجائے دوسروں کو سراہتے ہوئے اُن کی خوابیدہ صلاحیتوں کو تحریک دیں۔ اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگیوں میں اعتدال اور توازن کو برقرار رکھیں اور دوسروں کے ساتھ باہمی تعلقات میں احسان، قربانی، اخوت اور موانست کی روش اپنائیں۔
آپ نے کہا کہ اللہ تعالٰی نے آپ کو جس بھی نعمت سے نوازا ہو، اُسے دوسروں پہ خرچ کریں اور اپنے مزاج میں سخاوت اور فراخی پیدا کریں۔ اپنے ماتحت لوگوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں اور اپنے ہنر اور صلاحیتیں دوسروں میں بھی منتقل کریں۔
آپ نے مزید کہا کہ میری نظر میں خواتین صنفِ نازک نہیں صنفِ قوی ہیں۔ اللہ رب العزت نے خواتین کا نظام مدافعت مردوں کی نسبت بہت مضبوط رکھا ہے۔ اسی باعث خواتین گھریلو، پیشہ ورانہ اور دینی فرائض اور ہمہ جہت ذمہ داریوں کو بطریقِ احسن سرانجام دیتی ہیں اور اپنی آغوش میں پورا معاشرہ پروان چڑھاتی ہیں۔ سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا اور صحابیات کی سیرت و حیات میں جامعیت اور ہمہ گیریت تمام تر خواتین کے لئے لائقِ تقلید ہے۔
تبصرہ