منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم کے زیر اہتمام سالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نائب صدر منہاج القرآن ویمن محترمہ سدرہ کرامت اور کوآرڈینیٹر WOICE محترمہ مریم اقبال نے خصوصی شرکت کی ۔ کانفرنس کا آغاز صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل و ایگرز نعت کونسل جہلم نے آقائے دوجہاںﷺ کی بارگاہِ اقدس میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ محترمہ راحیلہ رفعت ( صدر منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم) نے استقبالیہ پیش کیا۔
محترمہ سدرہ کرامت نے ’’الوفا فی رحمت النبی المصطفیﷺ‘‘ کے موضوع پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ آقائے دوجہاںﷺ کی ذات کل مخلوقات کیلئے باعث رحمت ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کیلئے بھی باعثِ رحمت ہیں۔ شرکاء کانفرنس کو متوجہ کرتے ہوئے اس بات پر پرزور دلائل دیے گئے کہ ہمیں ’’ہمیں آقائے دوجہاںﷺ سے کس بناء پر محبت کرنی چاہیے؟‘‘ جس پر تمام شرکائے کانفرنس نے کھڑے ہوکر حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ تشکر و تبریک پیش کیا۔
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا فقط یہ نہیں ہے کہ ہم سال میں ایک دفعہ میلاد منائیں بلکہ اس کیلئے لازم ہے کہ ہم حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاق حسنہ اپنائیں۔ آپ ﷺ ہمیشہ نرمی سے پیش آتے، کبھی لغو بات نہ فرماتے اور نہ ہی کبھی غصہ فرماتے تھے۔ حضور ﷺ کے اخلاق حسنہ سیکھنے اور زندگی کو باوقار بنانے کیلئے علم بہت ضروری ہے۔شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امت کو ’’مراکز العلم‘‘ کا تحفہ عطا کیا ہے تاکہ ہر گھر علم کے چراغ کا منبع بن جائے اور حدیثِ رسول ﷺ کی روشنی ہر طرف پھیلے۔ محترمہ سدرہ کرامت نے گذشتہ ڈیڑھ دہائی سے جاری سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم اور صدر منہاج علماء کونسل محترم مظہر حسین نقشبندی کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
کانفرنس میں ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ سمیرا شاہین نے مراکز علم پر بریفنگ دی۔
محترمہ ثمینہ کوثر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تعارف پیش کیا۔
مسز فرزانہ اجمل ( اینکر پرسن پی ٹی وی کوئٹہ سنٹر) اور محترمہ سمیرا فضل (صدر پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم)، نے گفتگو کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا امت میں محبت رسولﷺ کے فروغ پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
جہلم سے موثر شخصیات محترمہ شاہدہ شاہ(سوشل ورکر)، محترمہ انیقہ جاوید (کوارڈینیٹر فورسز سکول سسٹم)، محترمہ آمنہ طارق (اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر)، میمونہ اکبر (پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گرمالہ)، محترمہ کومل( کوارڈینیٹر نالج سکول)، یاسمین سحر( شاعرہ)، محترمہ شائستہ(پرنسپل فاطمہ پبلک سکول) نے خصوصی شرکت کی۔
میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں رجسٹریشن ڈیسک،احادیث کارنر، مراکز علم ڈیسک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سٹال لگایا گیا۔ کانفرنس میں 1200 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ بذریعہ قرعہ اندازی ترجمہ عرفان القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب بطور تحفہ دی گئیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسیشن جہلم نے PMA ہاؤس جہلم میں محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا۔ جس میں خصوصی شرکت محترمہ سدرہ کرامت نے کی۔ ان کے ہمراہ محترمہ رافعہ ملک، محترمہ مریم اقبال اور محترمہ راحیلہ رفعت تھیں۔ محفل میلاد میں جہلم کی موثر شخصیات ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، ڈاکٹر ثمن، ڈاکٹر شہناز شاہد، ڈاکٹر شیبا، محترمہ یاسمین سحر (شاعرہ)، محترمہ شاہدہ شاہ (سوشل ورکر)، محترمہ سمیرا فضل (ضلعی صدر تحریک انصاف ویمن ونگ جہلم)شریک تھیں۔ ڈاکٹر شہزانہ (نائب صدر PMA جہلم) نے مرکزی ویمن لیگ کے وفد کو خوش آمدید کہا اور انکا شکریہ ادا کیا۔ محترمہ سدرہ کرامت نے ’’محبت رسول ﷺ کے چار تقاضے‘‘ کے موضوع پہ شرکاء محفل سے خطاب کیا۔
وفد نے آغوش آرفن کیئر ہوم جہلم کا دورہ بھی کیا۔ محترمہ مریم نعیم (ایڈمن آغوش آرفن کئییر جہلم) نے محترمہ سدرہ کرامت کو خوش آمدید کہا اور آغوش کے متعلق بریفنگ دی۔ بعدازاں آغوش کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا اور ننھے بچوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا۔
تبصرہ