حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت و مودت ایمان کی اصل ہے: انیلہ الیاس

ایمان حضور نبی اکرم ﷺ کی اطاعت و اتباع کا نام ہے: مرکزی ناظمہ زونز
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب

Milad un Nabi Conference under MWL in Bhimber

لاہور (28 ستمبر 2024) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ زونز انیلہ الیاس نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کرنا فرض، واجب اور لازم ہے، یہ ایمان کا لازمی حصہ ہے اس کے بغیر انسان مومن ہو ہی نہیں سکتا۔ محبت رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ تمام معاملات میں حضور نبی کریم ﷺ کی اطاعت و اتباع کی جائے۔ ایمان کے وجود کا دارومدار محبت رسول ﷺ پر ہے۔ ایک مسلمان اسی وقت کامیاب و کامران ہو گا جب کہ اس کے دل میں رسول کریم ﷺ کی محبت و عقیدت تمام مخلوقات سے زیادہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ (بھمبر) کے زیرِاہتمام منعقدہ سالانہ عظیم الشان میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انیلہ الیاس نے کہا کہ ایمان حضور نبی اکرم ﷺ کی اطاعت کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و مودت ایمان کی اصل ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم و توقیر اور اطاعت و اتباع میں موجزن ہے۔

مزید برآں آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی محبت کا تقاضا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لائے ہوئے دین کے فروغ و نصرت کے لئے عملی جدوجہد کی جائے تاکہ ہم اپنی نسلوں میں ایمان کی روشنی منتقل کر سکیں۔ کانفرنس سے زینب جمیل، رافعہ عروج نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں مرکزی منہاج نعت کونسل نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔

تبصرہ