منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ پر سالانہ محفلِ نعت و ضیافتِ میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ ضیافتِ میلاد میں محترمہ فضہ حسین قادری بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئیں۔
نقابت کے فرائض حافظہ سحر عنبرین اور رافعہ عروج ملک نے انجام دیئے اور محفل کا باقاعدہ آغاز آیات بینات کی تلاوت سے حافظہ رابعہ شفق نے کیا۔ تلاوتِ کلامِ رحمان کے بعد بارگاہِ شاہ دوسرا ﷺ میں اپنی عقیدتوں کے بے پایاں اظہار سے فضاؤں کو نغمگی بخشنے کی سعادت قاریہ سدرہ انور، نورینہ امتیاز، مصباح حفیظ، ارسہ ساجد اور ام حبیبہ نے حاصل کی۔
محترمہ فضہ حسین قادری نے ’’سیرت النبی ﷺ اور ہماری زندگی‘‘ کے موضوع پر فکر انگیز گفتگو کی۔ آپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور رحمت عالم ﷺ کو مکارم اخلاق کی تکمیل کے لئے بھیجا گیا، گویا اگر ہم حضور نبی اکرم ﷺ کی قربت چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے اخلاق کو بہتر کرنا ہے کیونکہ بد خلقی ہی اصل بد بختی ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ حضور کے اسوہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ دوسروں سے درگزر کرنے کی روش کو اپنائیں کیونکہ آپ نے اپنے بدترین دشمنوں کو بھی کبھی بددعا نہیں دی۔ حضور ﷺ کی سیرت مطہرہ جمیع امت کے لئے مشعلِ راہ ہے کہ اپنے پاس موجود نعمتوں کو بانٹنے والے بنیں تاکہ اُس سے تمام انسانیت مستفید ہو سکے۔
محفل میں شرکت کرنے والی مہمانانِ گرامی میں مسز منیبہ منیر، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین، ڈاکٹر عظمیٰ عاشق، ڈاکٹر عظمیٰ زریں، پروفیسر حمیرا بھٹو، ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ، مسز صباحت سیالوی، انسپکٹر غزالہ، انیلہ خان، مسز عبدالقادر مرحوم، نور فاطمہ قادر، ڈاکٹر ثروت نذیر اور ڈاکٹر صالحہ بتول شامل تھیں جب کہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ