بچوں نے برقی مشعلوں کے ساتھ واک کی اور آمد مصطفی ﷺ مرحبا کے نعرے لگائے
واک کا مقصد بچوں میں محبت رسول ﷺ کے جذبات پیدا کرنا ہے: سدرہ کرامت
عائشہ مبشر، کلثوم قمر، فہنیقہ ندیم، بتول مشتاق نے بچوں کو چاکلیٹ تحفہ میں دیں
لاہور (6 ستمبر 2024) منہاج القرآن ویمن لیگ ”ایگرز“ کے زیراہتمام بچوں نے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جامع شیخ الاسلام تک کینڈل واک کی۔ مشعل برداربچے تمام راستے آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا کے نعرے لگاتے رہے۔ واک میں 5 سے 10 سال کی عمر کے بچوں نے شرکت کی۔ واک کے آغاز سے قبل بچوں نے فضا میں غبارے اور کبوتر چھوڑے۔ اس موقع پر بچوں نے چاکلیٹ تقسیم کیں۔ منہاج القرآن کے عملہ کو بھی ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں چاکلیٹس اور سویٹس تحفہ میں دیں۔
اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب صدر سدرہ کرامت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینڈل واک کا مقصد بچوں میں محبت رسول ﷺ کے جذبات پیدا کرنا اور انہیں اسلامی اقدار و ثقافت کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ منہاج القرآن ہر عمر کے افراد کی دینی نہج پر تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔
اس موقع پر بچوں کے والدین اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنماؤں نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، ڈائریکٹر ایگرزکلثوم قمر، بتول مشتاق سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایگرز کلثوم قمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایگرز بچوں کی اسلامی تربیت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر والدین بچوں کو اپنا تابعدار اور سوسائٹی کا ذمہ ار شہری بنانا چاہتے ہیں تو وہ ان کو اسوہ رسول ﷺ سے روشناس کروائیں۔ آپ ﷺ کی مبارک حیات طیبہ رول ماڈل ہے۔
کینڈل واک میں شریک بچوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ 11 اور 12ربیع الاول کی شب مینار پاکستان میں منعقد ہونے والی 41ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب سنیں گے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں نے میلاد کیک بھی کاٹا، جس کے بعد تمام شرکاء کی ضیافت میلاد سے تواضع کی گئی۔
تبصرہ