منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کے زیراہتمام ٹاؤن شپ لاہور میں دو روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ 2024 کا انعقاد کیا گیا جس میں پورے پاکستان سے تنظیمات کے عہدیداران نے شرکت کی۔ کیمپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ افتتاحی تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی کلپ بعنوان ’’دعوت و تبلیغ دین میں خواتین کا کردار‘‘ پیش کیا گیا، جس نے تمام شرکاء پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کے زیرِاہتمام ہونے والے اس کیمپ میں نائب صدر سدرہ کرامت نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ ایک اہم قدم ہے جو ارشاد باری تعالٰی ’’كنتم خير أمة أخرجت للناس تأمرون بالمعروف وتنهون عن المنكر‘‘ کی عملی شکل کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ یہ کیمپ صرف ایک تعلیمی اجتماع نہیں بلکہ اللہ کی منتخب امت کی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے کا موقع ہے۔
ڈائریکٹر ٹریننگ منہاج کالج برائے خواتین جویریہ حسن نے نوجوان نسل کے لیے تعلیمی اداروں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے منہاج کالج برائے خواتین کے عصری اور شرعی علوم کے ساتھ ساتھ نسل نو کی کردار سازی سے متعلق پروگرامز کی اہمیت بیان کی۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مراکز علم کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے حدیث رسول ﷺ کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن نے تجدید دین کے ساتھ ساتھ علم کی تبلیغ کا اہم فریضہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراکز علم کے نصاب کو حدیث پاک کی عظیم نعمت کی حفاظت، تدوین، ترتیب، ترویج اور ابلاغ کے مقاصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے تاکہ ان مراکز علم کے ذریعے احادیث نبوی کے نور کی گھر گھر ترسیل ہو سکے۔
کیمپ کے پہلے روز کا اختتام مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر ہوا جس میں آل پاکستان تنظیمات منہاج القرآن ویمن لیگ کے اراکین نے مختلف ایجنڈوں پر بحث کی، جن میں مراکز علم اور میلاد مہم شامل تھے۔ مزید برآں، سال 2024 کا ایکشن پلان بھی پیش کیا گیا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مراکز علم کے قیام، میلاد مہم 2024 اور نسل نو کی تربیت کے موضوعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
تنظیمی و تربیتی کیمپ 2024 کے دوسرے دن کا آغاز بعد از نماز فجر ’’شیخ الاسلام مرکز علوم الروحانیہ‘‘ میں روحانی بالیدگی کے لیے مراقبہ سیشنز کے انعقاد سے کیا گیا۔ سید خالد حمید کاظمی الازہری نے دو گروپوں کو ’’مراقبہ نسبت توحید‘‘ اور ’’مراقبہ نسبت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کی تعلیم دی۔ کیمپ کے دوسرے روز منہاج یونیورسٹی لاہور کی نمائندہ عائشہ عامر نے یونیورسٹی کی تعلیمی پیشرفت اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ عائشہ مبشر نے میلاد مہم 2024 کے ورکنگ پلان اور اہداف پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
سدرہ کرامت نے کیمپ کے شرکاء سے دوسرے روز خطاب کیا اور مراکز علم کے وژن، مقصدیت اور حکمت عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے اس کے ذریعے تعلیمی، اخلاقی اور فکری انقلاب کی ضرورت پر زور دیا۔ ناظمہ زونز ام حبیبہ اسماعیل نے مراکز علم کے نصاب پر بریفنگ دی اور اس کے مختلف پہلوؤں کی وضاحت کی۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے علم نافع کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے مراکز علم کے قیام کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ علم نافع وہ ہے جو کردار میں نظر آئے اور معاشرت میں تبدیلی لائے۔ انہوں نے ورکنگ پلان 2024-2025 کا بھی جائزہ لیا اور کیمپ میں منعقدہ شعبہ جاتی ورکشاپس کا معائنہ کیا۔
ناظمہ شعبہ جات لبنیٰ مشتاق نے سنت اور دعا کی اہمیت پر گفتگو کی اور کہا کہ سنت کی پیروی اور دعا کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے۔ انہوں نے مراکز علم کے نصاب کی وضاحت کی اور اس بات پر زور دیا کہ مراکز علم فرد کی اصلاح سے معاشرے کی اصلاح تک کا سفر ہے۔
تنظیمی و تربیتی کیمپ 2024 کے دوسرے روز اختتام پر محترمہ فضہ حسین قادری نے کیمپ میں خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیک صحبت کے فوائد اور اس کے عملی اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صحبت صلحاء اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہنمائی کو عمل میں لانا ضروری ہے تاکہ دین کی تبلیغ اور معاشرتی اصلاح ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیک صحبت سے فائدہ اٹھانے کے لیے عمل ضروری ہے اور اسے اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ یہ کیمپ خواتین کی تنظیمی و تربیتی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوا ہے، جس کے ذریعے نہ صرف فرد بلکہ معاشرے کی بھی اصلاح کی جائے گی۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء کیمپ سے متعلق قیمتی آراء بھی لی گئیں اور تمام مقررین نے کیمپ کے اہداف کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت منعقدہ تنظیمی و تربیتی کیمپ 2024 دینی تعلیم اور تربیت کے لیے ویمن لیگ کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تبصرہ