منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام”سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس“ کا انعقاد

خواتین مقررین نے کہاکہ سیدہ زینب ؑحق پر ڈٹ جانے کے پیغام کی امین ہیں
مولا علی علیہ السلام کی بیٹی نے یزید کی بربریت کو بے نقاب کیا: سدرہ کرامت
آج کی خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی زندگی کا مطالعہ کرنا چاہیے: مقررین
سیدہ ام فروا زیدی،صباحت رمضان، عائشہ مبشر، عارفہ طارق، عائشہ شبیرکا خطاب

Syeda Zainab Conference Under Minhaj ul Quran Women Leauge

لاہور (25 جولائی 2024) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں”سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں خواتین مقررین نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا دور حاضر کی خواتین کیلئے مشعل راہ ہیں۔ وہ تقویٰ، طہارت، حق پر ڈٹ جانے اور باطل سے ٹکرانے کے پیغام کی امین ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر سدرہ کرامت نے کہا کہ معرکہ کربلا اپنی فکر، فلسفہ اور اثر انگیزی میں تاریخِ انسانی کا منفرد واقعہ ہے، جس کی کوئی بھی مذہب، تہذیب اور تاریخ مثال دینے سے قاصر ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی جرآت کلام و بیاں، اسیری کے باوجود استقامت و حق گوئی اور حق پرستی فکرِ زینبیت ہے اور کربلا کی تکمیل سیدہ زینب الکبریٰ سلام اللہ علیہا سے ہے۔ مولا علی علیہ السلام کی بیٹی نے یزید کی بربریت کو بے نقاب کیا اور پیغام امام حسین علیہ السلام کے ابلاغ کا فریضہ سر انجام دیا۔

معروف ماہر تعلیم پروفیسر عارفہ طارق نے سیدہ زینبؑ کی عظیم شخصیت اور ان کی پاک سیرت و کردار کو آج کی ماؤں کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔ معروف مذہبی سکالر سیدہ امِ فروہ زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدہ زینب معرکہ کربلا کا وہ عظیم کردار ہیں جنہوں نے نوع انسانی کی تمام تر خواتین کے لیے ہر رشتے اور ہر حیثیت میں ایک عظیم مثال قائم کی۔

عائشہ شبیر نے سیدہ زینب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی منہاج القرآن کی بیٹیاں زینبی لشکر کی باندیاں بن کر حق کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کی خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی زندگی کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ ممبر اتحاد بین المسلمین صباحت رمضان سیالوی نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے عظیم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیرت و کردار میں سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیہ، شجاعت و بہادری میں مولا علیؑ اور صبر و رضا میں حضرت امام حسینؑ کا عکس تھیں۔

سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کے اختتام پر عائشہ مبشر نے شرکاء و معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورِ پُر فتن میں ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے ہمیں منہاج القرآن ویمن لیگ کا عظیم پلیٹ فارم دیا، جس کے ذریعے پیغامِ کربلا کی ترویج و اشاعت کا فریضہ انجام دیا جاتا ہے۔ حافظہ رابعہ شفق نے تلاوت کلام پاک، ارسہ ساجد نے حمد باری تعالیٰ اور قاریہ سدرہ انور نے بارگاہِ خیر الانام ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

اختتامی کلمات کے بعد نورینہ امتیاز نے بارگاہِ اہلِ بیت اطہار میں سلام عقیدت و منقبت پیش کی اور حافظہ سحر عنبرین نے اس عظیم الشان کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔

تبصرہ