منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سالانہ ”سیدہ کائناتؑ کانفرنس“ کا انعقاد

سیدہ فاطمۃ الزہراہؑ کی پاکیزہ سیرت طیبہ ہر دور کی خواتین کیلئے نمونہ ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین
خاتون جنت کی شخصیت زہد و تقویٰ، طہارت و پاکیزگی، علم اور جرات و صداقت کا پیکر ہے
کانفرنس سے جسٹس (ر) نذیر غازی، طیبہ نقوی، ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، ڈاکٹر عظمیٰ زریں، ڈاکٹر فرح ناز کا خطاب

Syeda e Kainat Conference 2024

لاہور(8 مئی 2024)منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ ”سیدہ کائناتؑ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیھا کی پاکیزہ سیرت طیبہ ہر دور کی خواتین کیلئے نمونہ اور واجب الاتباع ہے، انھوں نے کہا کہ خواتین سیدہ کائناتؑ کی ذات اقدس سے اظہار محبت کے ساتھ ساتھ آپ کے اسوہ مبارکہ کو بھی اپنی زندگیوں میں داخل کریں۔ حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے ہاں ایک مثالی بیٹی، بیوی اور ماں کی خصوصیات درجہ کمال پر ملتی ہیں۔ سیدہ کائنات نے امام حسن، امام حسین اور سیدہ زینب کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچالیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر اور ماہر قانون جسٹس(ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ دختر سیدۃ النساء العالمین کی شخصیت مسلمان خواتین کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی خواتین کیلئے مینارہ نور اور منبع ہدایت ہے۔ علم کے تمام سمندر اور قلزم سیدہ کائناتؑ کے گھرانے سے امت کو ملے ہیں۔ خاتون جنت کی شخصیت زہد و تقویٰ، طہارت و پاکیزگی، علم اور جرات و صداقت کا پیکر ہے۔ سیدہ کائنات مزاج شناس نبوت تھیں۔ آپ نے ہمیشہ حضور نبی اکرم ﷺ کی اطاعت و اتباع کی۔ سیدہ کائناتؑ نے خود کوسیرت نبوی ﷺ کے قالب میں اس طرح ڈھالا کہ گفتار، کردار، فصاحت و بلاغت میں سراسر شبیہ مصطفی ﷺ نظر آئیں۔

پرنسپل جامعہ اُم الکتاب طیبہ نقوی نے کہا کہ سیدہ کائناتؑ کی مقدس شخصیت اور پاکیزہ سیرت ہمہ گیر اور جامع ہے۔ سیدہ خدیجتہ الکبری کے وصال کے بعد سیدہ کائنات نے اپنی والدہ کے کردار کو اپناتے ہوئے آقائے دو جہاں ﷺ کی غم گساری کا فریضہ انجام دیا۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات بابرکت کی سیدہ کائناتؑ کے ساتھ تعلق محبت کی نظیر کائنات انسانی میں نہیں ملتی۔

ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ زہراکاظمی نے کہا کہ سیدہ کائناتؑ کی ذات مقدسہ طہارت و پاکیزگی کا مرکز اور آیۃ تطہیر کا باعث ہے۔ اُم ابیہا کا لقب آپ کے سوا کسی کو نہیں دیا گیا۔ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ کائنات کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا، اسی سے زوال عروج میں بدل سکتا ہے۔ ایسی شاندار کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہنچانے کے لیے ضروری ہے۔

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ خواتین کو آج سیدہ کائناتؑ کے اسوہ سے اپنے عمل کی راہ متعین کرنا ہو گی۔ ماؤوں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہو گی کہ ہماری آئندہ نسل حضرت فاطمۃ الزہرہؑ کے نقش قدم پر چلے۔ سیدہ کائنات کی ذات کو مائیں، بہنیں اور بیٹیاں رول ماڈل بنا لیں اسی میں کامیابی ہے، سیدہ فاطمۃ الزہرہ سیدہ کائنات اور سیدہ محشر ہیں، آپ حسن سیرت اور حسن بصیرت کا عظیم مرقع تھیں، زہد و تقویٰ میں بلند مقام رکھنے والی عابدہ، مجاہدہ اور سخی خاتون ہستی تھیں، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدہ کائنات کو اپنے جگر کا ٹکرا قرار دیا۔

کانفرنس سے پروفیسر عظمیٰ زریں نازیہ، سدرہ کرامت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران لاہور ڈاکٹر اصغر مسعودی اورآغائی جعفر روناس نے خصوسی شرکت کی۔

کانفرنس میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، سعید رضا بغدادی، سہیل احمد رضا، ڈاکٹر شاہدمحمود، الطاف حسین رندھاوا، عائشہ مبشر، عائشہ شبیر، اُم حبیبہ اسماعیل، لبنی مشتاق، انیلہ الیاس و دیگر شریک تھے۔ کانفرنس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کی ترقی کے لیے دعاؤں سے ہوا۔

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

Syeda e Kainat Conference 2024

تبصرہ