کامیاب زندگی کیلئے خواتین سیرت سیدۃ النساء کی پیروی کریں: مرکزی صدرمنہاج القرآن ویمن لیگ
لاہور (13 مارچ 2024) مرکزی صدرمنہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح نازنے خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراہؓ کے یوم وصال کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیدہ کائناتؓ کی پاکیزہ سیرت اور حیات طیبہ ہر دور کی مسلمان خواتین کیلئے ہر لحاظ سے نمونہ کمال اور واجب ا لاتبا ع ہے۔ ہر وہ خاتون جو معاشرے میں نیکی، بھلائی اور حسن عمل کے نقوش چھوڑنا چاہتی ہے تو اس کیلئے اپنی پوری زندگی کو نبی آخر الزمان ﷺ کے گھر میں پروان چڑھنے والے اسوہ زہراہ سلام اللہ علیہا میں ڈھالے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔
سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ زندگی کا ہر پہلو خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، سیدہ کائنات کی زندگی امت مسلمہ کی خواتین کیلئے ایک ایسے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتی ہے جس پر چل کر دنیا و آخرت کی کامیابی یقینی ہے۔ سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیہا کائنات کی وہ عظیم المرتبت ہستی ہیں، جن کے پاکیزہ کردار کو حوالہ بنا کر اسلام نے عورت کی عصمت و عظمت کو بیان کیا۔ سیدہ فاطمۃ الزہراہؓ نسلوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت اور خدمت دین و انسانیت کے اعتبار سے قیامت تک آنے والی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک با عصمت اور کامیاب زندگی کیلئے خواتین سیرت سیدۃ النساء کی پیروی کریں۔ حضرت فاطمۃ الزہراہؓ کائنات کی وہ خوش قسمت بیٹی ہیں جنہیں محبوب خدا حضور نبی اکرم ﷺ اپنے جگر کا ٹکڑا اور آنکھوں کی ٹھنڈک فرماتے تھے اور جس ہستی کیلئے کائنات کا ذرہ ذرہ احتراماً دو زانو ہوتا ہے وہ محبوب خدا ﷺ خاتون جنت کے احترام کیلئے کھڑے ہو جایا کرتے تھے۔
ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ نے خود بیان کیا کہ میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کے سوا فاطمہؓ سے کائنات میں کسی کو افضل نہیں دیکھا۔ جب کبھی سیدہ کائناتؓ آپ ﷺ کی مجلس میں تشریف لاتیں توآپ ﷺ مرحبا یا فاطمہؓ کہہ کر ان کا ہاتھ پکڑ لیتے، بوسہ لیتے اور فاطمۃ الزہراہؓ کو اپنی جگہ پر بٹھا دیتے۔ جب حضور نبی اکرم ﷺ گھر تشریف لاتے تو سیدہ کائناتؓ احتراما کھڑی ہو جاتیں اور دست بوسی رماتیں۔ بیٹیوں سے محبت حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک سنت ہے ہر باپ بیٹیوں سے محبت و شفقت کا برتاؤ کرکے حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرے۔ اللہ رب العزت سیدہ کائناتؓ کے ادب اور ان کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق دے۔
دعائیہ تقریب میں نائب صدر سدرہ کرامت، انیلہ الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر، لبنی مشتاق، نورین علوی سمیت دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ