لاہور (20 فروری 2024) بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 73ویں سالگرہ 19 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائی گئی۔ تقاریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور محافل نعت سے کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں موجود اسلامک سنٹرز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔مقررین نے خدمت دین، علوم القرآن، بین المسالک و بین المذاہب رواداری، عدم تشدد اور امن عالم کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے تحت ملک بھر میں قائم سکولز، کالجز اور منہاج یونیورسٹی میں تقریری مقابلے و دیگر علمی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
ان تقاریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت، درازی عمر اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ تحریک منہاج القرآن کے تحت تنظیمات نے پورے ملک میں سفیر امن سیمینار منعقد کئے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام مختلف اضلاع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں نے خون کے عطیات دئیے۔
تبصرہ