منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی منہاج کالج برائے خواتین میں یوم التذکیر کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ نفلی و تربیتی اعتکاف میں شرکت و خطاب
منہاج کالج برائے خواتین لاہور میں ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے پلیٹ فارم سےایام التذکیر کے عنوان سےدو روزہ نفلی و تربیتی اعتکاف کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے دوسرے روز ’’یوم الادب و الاصلاح‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نشست میں صدر منہاج القران انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ آپ نے تزکیۂ نفس اور اِصلاحِ اَحوال کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کرام کا طریق تھا کہ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ فکرِ آخرت، محبتِ الٰہی میں گریہ سے مزین اور نعمت پر شدت اور آزمائش کو ترجیح دینے پر مبنی ہوتا تھا۔
انہوں نے طالبات کو صبر و قناعت کی تلقین فرماتے ہوئے استقامت کو صبر کی منزل قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ قناعت سے مراد یہ نہیں کہ انسان کے پاس کچھ بھی نہ ہو بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ جو کچھ آپ کے پاس ہو اس پر صبر کریں اور خوش رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بد گمانی راہِ سلوک کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ انسان کو چاہیے کہ لوگوں کی طرف دھیان کرنا چھوڑ دے اور اپنی طرف دھیان کرے اس طرح بدگمانی کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔ آپ نے اختتام پر منہاج کالج برائے خواتین کی جملہ انتظامیہ اور طالبات کی محنت کو سراہتے ہوئے سالانہ نفلی اعتکاف کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
نشست میں محمد آفتاب خان قادری پرنسپل، حمیرا ناز وائس پرنسپل، ڈاکٹر نور الزمان نوری، ڈاکٹر غلام احمد قادری، ڈاکٹر جویریہ حسن ڈاریکٹر ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ، ام حبیبہ اسماعیل انچارج بزمِ منہاج سمیت جملہ فیکلٹی اور سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔
تبصرہ