منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع فیصل آباد (1) کے زیرِاہتمام پی پی 113 میں محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں ناظمہ زونز اے محترمہ انیلا الیاس نے خصوصی خطاب کیا۔ پروگرام میں میلاد مہم کے حوالے سے حضور سیدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی کلپ بھی سنوایا گیا۔
شرکاء محفل سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ انیلا الیاس کا کہنا تھا کہ محبت رسول ﷺ کا اوّلین تقاضہ اطاعت واتباع ہے، جنہیں پورا کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، وگرنہ محبت رسول ﷺ اور غلامی رسول ﷺ کا دعوی فضول و بیکار اور بے فائدہ ہے۔ یہ فطری بات ہے کہ انسان جس سے محبت وعقیدت رکھتا ہے اسکے طور طریقوں کو اپنانے اور اس کی مکمل پیروی کرنے کی کوشش کرتا ہےکیونکہ محب کی تمام تر توجہ اپنے محبوب کی طرف ہوتی ہے۔
مزید انکا کہنا تھا کہ آپﷺ سے محبت وعقیدت رکھنے والے پر لازم و ملزوم ہے کہ وہ آپﷺ کی مکمل اتباع اور پیروی کرے۔ جو کام آپ ﷺ نے کیا اور پھر کرنے کا حکم دیا یا اپنے سامنے دیکھ کر خاموشی اختیار کی اور اسکی اجازت فرمائی وہ کام کرے اور جس کام سے آپﷺ نے روکا اس سے رُک جائے۔ سورۂ حشر میں اللہ تعالی کا فرمان! اور رسول مکرم ﷺ تمہیں جو کچھ دیں اسے لے لو اور جس سے تمہیں روک دیں تو (اُس سے) رُک جاؤ۔ امتی پر لازم ہے کہ آپ ﷺ کے ہر فرمانِ عالیشان کے سامنے فورًا اپنا سرتسلیمِ خم کر دے۔ آپ ﷺ کی اطاعت واتباع ہی دراصل آپ سے حقیقی محبت کا تقاضہ ہے۔
تبصرہ