منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل فاروق آباد کے زیرِاہتمام محفلِ میلاد النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ سدرہ کرامت نے خصوصی خطاب کیا۔ محفل میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ سدرہ کرامت کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے محبت و اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شرط اول ہے۔ عصر حاضر میں مسلمانوں کو محبت و اتباع مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روشناس کرانے، انہیں ایمان کی حقیقی اساس یعنی محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف راغب کرنے اور زوال آشنا امت مسلمہ کی عروق مردہ میں خون زندگی کی گردش از سرِ نو بحال کرنے کی خاطر اللہ تعالیٰ کی عنایات بے پایاں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفقت کریمانہ کے طفیل تحریک منہاج القرآن سوئے منزل رواں دواں ہے۔
خالص محبت کا تقاضا اور حقیقی پہچان اطاعتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ قاضی عیاض مالکی رحمتہ اللہ علیہ بڑے دلنشیں پیرائے میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’یہ بات ذہن نشین رہے کہ جو شخص جس سے محبت کرتا ہے وہ اس کو اس ذات کی موافقت اور اس کے اتباع کو اپنی ذات پر لازم کر لیتا ہے۔ بصورتِ دیگر وہ اپنے دعویٰ محبت میں صادق نہیں ہوتا۔‘‘
کامیاب محفل کے انعقاد پر مرکزی نائب صدر ویمن لیگ کی جانب سے صدر راحت جمیل، ناظمہ فرزانہ عمران، ناظمہ بتول اور نویدہ عمران سمیت پوری تحصیلی ٹیم کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔
تبصرہ