پشاور: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 32ویں سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا اہتمام

Milad un Nabi Conference

منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کے زیراہتمام 32ویں سالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں زونل ناظمہ کے پی کے محترمہ ارشاد اقبال اور محترمہ مریم اقبال نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس میں متعدد معزز شخصیات محترمہ روبینہ معین، سیدہ سعدیہ بی بی، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور محترمہ صبیحہ اشتیاق، ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ عاصمہ مرتضیٰ، آستانہ عالیہ شاقپور اولیاء سے خصوصی وفد، منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیم، کارکنان اور خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد شریک ہوئی.

کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ’’دور زوال کے اسباب‘‘ کے موضوع پر خصوصی پیغام بھی سماعت کیا گیا۔ ایگرز ٹیم کی جانب سے حبیبی محمد ﷺ پرفام کیا گیا۔

محترمہ ارشال اقبال نے ’’محبت، اطاعت، اتباع، تعظیم، حضورﷺ سے محبت اور تعلق کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ اور حضور نبی کریمﷺ کے حلیہ مبارک کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی اطاعت اور اتباع اللہ رب العزت کی اطاعت و اتباع ہے۔ حضورﷺ سے محبت اللہ کی محبت کا ذریعہ ہے۔ حضور ﷺ سے محبت یہ ہے کہ آپ ﷺ کی پیروی کی جائے، حضور ﷺ کی سیرت پاک کو اپنایا جائے، آپ ﷺ کے اخلاق مبارکہ کو اپنایا جائے۔ اگر حضور ﷺ کی اتباع کی جائے گی تب ہی ایمان مکمل ہوگا۔

حضور ﷺ کی تعظیم کے بغیر بھی ایمان نامکمل ہے، تعظیم مصطفیٰ ﷺ کا سبق ہمیں صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی زندگی سے ملتا ہے۔ اگر ہم ایمان کی تکمیل چاہتے ہیں تو ہمیں حضورﷺ سے محبت کرنا ہوگی، حضور نبی اکرم ﷺ کی اطاعت کرنا ہوگی، حضور کی اتباع اور تعظیم کرنا ہو گی تب ہی ایمان کی تکمیل ہوگی۔ ہماری مشکلات کی اصل وجہ حضور ﷺ کے ساتھ تعلق کا نہ ہونا ہے۔ اگر ہم حضور ﷺ سے تعلق بحال کر لیں تو ہمارے حال سنور جائیں گے۔ خواتین کو اپنا خصوصی پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن مصطفوی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے جس کے لئے ہمیں اس قوم کی ماؤں کو ایسی تربیت دینی ہے کہ وہ اپنے مسکن میں اپنی اولاد کی بہترین تربیت کر سکیں تاکہ وہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

کانفرنس میں محترمہ ارشاد اقبال نے مراکز العلم اور فہم دین پراجیکٹس کا تعارف دیا اور خواتین کو رجسڑیشن کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تعارف بھی دیا گیا۔ کانفرنس میں ایگرز کارنر، رجسٹریشن ڈیسک اور کتب سٹال بھی لگایا گیا۔

Milad un Nabi Conference

Milad un Nabi Conference

تبصرہ