منہاج القرآن ویمن لیگ واہ کینٹ کے زیرِاہتمام سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ اس موقع پر زونل ناظمہ شمالی پنجاب محترمہ حدیقہ بتول بھی موجود تھیں۔ سابق ناظمہ ویمن لیگ محترمہ طاہرہ خان، ہیڈ اسلام اسوہ زندگی پلیٹ فارم محترمہ طاہرہ موسوی اور ضلعی صدر راولپنڈی محترمہ رابعہ مظہر نے بطور مہمان شرکت کی۔ کانفرنس میں مختلف سکولز، کالجز کی اساتذہ کرام، دیگر مؤثر خواتین سمیت مقامی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر فرح ناز نے شرکاء کانفرنس سے ’’حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے خواتین پر احسانات‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی جس کے چند نکات درج ذیل ہیں۔
عورت کی عظمت اور اسکے مقام کا سب سے بڑا حوالہ اسلام اور سب سے پہلی آواز رسول اللّٰہ ﷺ کی تھی۔
حضورﷺ نے ایک خاتون کو نہ صرف باعزت اور پروقار مقام عطا فرمایا بلکہ ایک luxurious طرز زندگی عطا کیا۔ اس لیے رسول اللّٰہ ﷺ کے اس عظیم احسان پر اپنی زندگیاں وقف کر دینے کی سب سے اولین ذمہ داری جس طبقے کی بنتی ہے وہ خواتین ہیں۔
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے رشتوں کو وہ وقار اور حسن دیا کہ رشتے زندگی بن گئے۔
تاریخ انسانی میں پہلی مرتبہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں کو انکی عظمت بتائی اور یہ احساس دلایا کہ جتنا اسکا مقام بڑا ہے اتنی ہی اس پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ جسکی جتنی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے اسکا اتنا ہی باشعور اور تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے۔
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے قبل عورت کے وجود کا تقدس بری طرح سے پامال کیا جاتا رہا۔ جو مقام حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے خاتون کو عطا فرمایا ہمارا بال بال قرض رسالت میں جکڑا ہے۔ اس احسان و قرض کی ادائیگی کے لیے محض ایک محفل یا پروگرام کافی نہ ہوگا بلکہ پوری زندگی بھی اگر اس نعمت کا شکر ادا کرنے کیلئے وقف کر دی جائے تو بھی کم ہے۔
آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے بیٹی کے حقوق کا تعین فرمایا اور بیٹی کی پیدائش کے موقع پر اظہار خوشی پر اس ماں اور بیٹی پر خرچ کرنے والے کیلئے اللّٰہ کی مدد کی بشارت دی۔
حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے بیوہ عورت کو ذی مرتبہ اور خوبصورت ہونے کے باوجود محض اپنے یتیم بچوں اور انکی پرورش کی خاطر دوسرا نکاح نہ کرنے پر اپنے قربت کی خوشخبری سنائی۔
اسی طرح رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک عورت کے حاملہ ہونے پر، پھر بچے کی پیدائش پر، پھر اس بچے کیلئے راتوں کو جاگنے اور اسکی پرورش کرنے پر الغرض اس ساری محنت کو مثل جہاد قرار دیا اور ایک شہید کے برابر اسکے اجر کی بشارت دی۔
حضور سیدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر ؤالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی تعلیمات کے مطابق اسلام دینِ فرحت و دینِ احسان ہے۔ لیکن اس فرحت کا اظہار اور اس احسان مندی کا احساس اسے ہی نصیب ہوتا ہے جو حب رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا حقیقی طالب ہوتا ہے۔
ہم خواتین کو اس شعور کو اجاگر کرنے اور اسکو اپنے عمل میں شامل کرنے کی ضرورت ہے اسکے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کا حصہ بنیں اور دینِ متین کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔
گفتگو کے اختتام پر شاندار انتظامات و انصرام پر ڈاکٹر فرح ناز نے واہ کینٹ کی پوری ٹیم بالخصوص محترمہ طاہرہ ریاض، محترمہ فرحت جبین، محترمہ سمیرا شفیق اور محترمہ نجمہ شاہین کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ کانفرنس میں حضور سیدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کے سٹال کے ساتھ ساتھ ایم ایس ایم سسٹرز اور ایگرز کا تعارفی سٹال بھی لگایا گیا۔
تبصرہ