اسٹاف کلب فوجی فرٹیلائزرز کمپنی میر پور ماتھیلو کے زیرِاہتمام منعقدہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس بعنوان ’’ہست دینِ مصطفےٰ ﷺ اور دین حیات‘‘ میں سندھ کے دورہ پر موجود منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی وفد نے شرکت کی۔ وفد میں زونل ناظمہ سندھ محترمہ عائشہ مبشر اور نائب زونل ناظمہ سندھ محترمہ صائمہ نور اور نعت کونسل شامل تھی۔
سٹاف کلب کمیٹی ایف ایف سی میرپور ماتھیلو کی نمائندگی مسز میجر شاہد اقبال نے کی۔ اس موقع پر محترمہ عائشہ مبشر نے ’’حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امت سے تعلق‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ بدیع نبوت بھی ہیں اور خاتمِ نبوت بھی نیز النَّبِيُّ أَوْلَى بِالْمُؤْمِنِينَ مِنْ أَنفُسِهِمْ کے وسیلہ سے مومنوں کی جانوں سے بڑھ کر ان کے قریب ہیں۔ لہذا سرکارِ دو عالم ﷺ شَاہِدًا وَّ مُبَشِّرًا وَّ نَذِیۡرًا کے عنوان سے امت کے ملجاء و ماوا ہیں، آپﷺ نہ صرف روز حشر بلکہ دنیا میں بھی اپنی امت کے اعمال پر گواہ اور اپنی امت و کل انسانیت پر اللہ رب العزت کی عطا رحمت کو تقسیم کرنے والے ہیں۔
مقامی نعت خواں کے ہمراہ محترمہ ماہ نور زہرہ ممبر منہاج نعت کونسل لاہور نے روح پرور نعت خوانی کی جس کو شرکاء خواتین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
تبصرہ