منہاج القران ویمن لیگ اسلام آباد کے زیراہتمام پروگرام بسلسلہ "استقبال ربیع الاوّل" کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں نے آقا ﷺ سے محبت کے اظہار کے لیے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام سے قبل بچوں کی خوبصورت کینڈل واک ہوئی، ہاتھوں میں موم بتیاں اٹھائے اور چہروں پہ معصومیت اور محبت لیے بچوں کی اس واک نے خوبصورت منظر پیش کیا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز صحیفہ انقلاب کی پرنور آیات مبارکہ کی تلاوت سے کیا گیا۔ محترمہ نتاشا نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ ثناء خوان مصطفیٰ ﷺ محترمہ اقراء، محترمہ نور فاطمہ، محترمہ سندس عمران و دیگر معزز نعت خوانوں نے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کیے۔ اس موقع پر ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار نے آقا ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ محترمہ علیشا فیصل (ایم ایس ایم سسٹرز اسلام آباد) نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی شامل نصاب کتاب "سیرت رسولﷺ کا مکی دور (اہم واقعات)" کا ریویو پیش کیا۔ محترمہ روزینہ ریاض نے استقبالیہ پیش کیا۔ نقابت کے فرائض محترمہ شمع جبین قادری اور محترمہ اقصٰی قادری صاحبہ نے انجام دیے۔
محفل استقبال ربیع الاوّل میں خصوصی خطاب محترمہ فریحہ خان (سابقہ سینٹرل ڈائریکٹر دعوۃ ڈیپارٹمنٹ، سابقہ ڈائریکٹر ٹریننگ منہاج کالج فار ویمن لاہور، ڈائریکٹر الھدایۃ ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد) نے "مقصد بعثت رسول ﷺ" کے موضوع پر فرمایا۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جب حضورﷺ کی آمد کا اعلان کروایا تو صرف مسلمانوں اور مومنوں کو نہیں بلکہ تمام کل کائنات انسانی کو مخاطب کرکے فرمایا: "اے نسل انسانی! تم سب کی طرف اللہ کی روشن دلیل تشریف لے آئی"۔ آپ ﷺ نے خود اپنی بعثت کا مقصد بیان فرمایا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے اخلاق کی تکمیل اور اعمال کی تحسین کے لیے پیدا فرمایا۔
پروگرام میں ہر شعبے سے وابستہ خواتین نے شرکت کی اور اپنے اپنے انداز میں آقا ﷺ سے محبت کا اظہار کیا۔ محترمہ راضیہ نوید (اسلامی سکالر، سابقہ پریزیڈنٹ منہاج ویمن لیگ)، محترمہ عذرا اکبر، محترمہ ڈاکٹر عقیلہ آصف، محترمہ طلعت رضوان سیال، محترمہ ڈاکٹر آصفہ ہاشمی، محترمہ ہما مرتضیٰ، محترمہ ایڈوکیٹ شائعہ گلزار نعیمی، ڈاکٹر سیدہ گل ناز گیلانی نے پروگرام کو رونق بخشی۔
آخر پر زونل ناظمہ اسلام آباد محترمہ نصرت امین نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، تمام تنظیمات کو مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ جنہوں نے اس خوبصورت پروگرام کے انعقاد میں دن رات محنت کی۔
تبصرہ