منہاج القرآن ویمن لیگ حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کی ولادت کے جشن کو ’’راحت القلوب فی حب الرسول‘‘ کے عنوان سے منائے گی، منعقدہ تقریب میں ملک بھر سے 400 سے زائد خواتین سکالرز نے شرکت کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام مرکزی میلاد پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ مصطفوی تعلیمات پر عمل سے امن اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کی مضبوطی محبت رسول ﷺ، اطاعت رسول ﷺ، اتباع رسول ﷺ اور ادب رسول ﷺ میں ہے۔ محبت الٰہی کا دروازہ اتباع رسول ﷺ سے کھلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تباہی کی بڑی وجہ تعلق بالقرآن، تعلق بالرسولﷺ کا کمزور ہونا ہے۔ مثالی معاشرے کی تشکیل میں آپ کا کردار مثالی ہونا چاہیے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، لبنی مشتاق، رافعہ عروج ملک، حاجرہ قطب اعوان سمیت جملہ مرکزی ناظمات، زونل ہیڈز، ذمہ داران کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
میلاد پلان کی افتتاحی تقریب میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی بھی شریک تھے۔
تبصرہ