منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیرِاہتمام سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کانفرنس انعقاد

sayada zainab conference faisalabad

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد ضلع 2 کے زیرِاہتمام فقیدالمثال سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کانفرنس انعقاد پذیر ہوئی جس میں ڈاکٹر فرح ناز (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان) اور محترمہ انیلہ الیاس (مرکزی ناظمہ زونز اے) نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک ہوئیں جن میں ڈاکٹرز، وکلاء، لیکچررز اور پرنسپلز شامل ہیں۔

ڈاکٹر فرح ناز نے شرکائے کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا ایک درسگاہ کا نام ہے اور سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی سیرت مطہرہ اس درسگاہ کا وہ عظیم نصاب ہے کہ جس کا حرف حرف عبادت ہے۔ سیدہ زینب صرف ایک خاتون کا نام نہیں بلکہ ایک پوری تحریک کا نام ہے۔

آپ کا مزید کہنا تھا کہ کربلا زندگی کے اسباق کا ایک ایسا ادارہ ہے جو تا قیامت اپنے پڑھنے والوں کو ایک کامیاب اور بہترین زندگی گزارنے کا شعور اور فہم فراہم کرتا رہے گا۔ ہمیں سانحہ کربلا کا مطالعہ کرتے ہوئے اسکے دو مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ہوگا،اس کا ایک external perspective ہے اور دوسرا intellectual تناظر ہے۔ یہ تاریخ کا واحد سانحہ ہے جو مسلسل ہماری فکر کی افزائش کر رہا ہے۔سانحہ کربلا ہمیں دعوت فکر دیتا ہے کہ یہ محض ایک جذباتی معاملہ نہیں بلکہ اس کے اندر پنہاں کئی پہلو ایسے ہیں جو ہماری زندگیاں بدلنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

واقعہ کربلا سے ہمیں تین بنیادی اسباق ملتے ہیں۔پہلا سبق یہ ہے کہ ایک بڑے مقصد کے حصول کیلئے خاندان کے ادارے کا مضبوط ہونا ازحد ضروری ہے کیونکہ کربلا میں رشتوں کی وفا اور تعلق کی معراج ملتی ہے ۔دوسرا بڑا سبق سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی قیادت میں مضبوط اور کامیاب ترین نفسیاتی جنگ کی صورت میں ملتا ہے کہ خود کو ایک بڑے مقصد کے ساتھ جوڑ کے استقامت سے اُس پر ڈٹ جایا جائے۔کربلا میں سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے کردار سے آج کی عورت کو جو تیسرا سبق ملتا ہے وہ یہ ہے کہ ظلم و بربریت کے خلاف مؤثر آواز بلند کی جائے اور انصاف کے حصول کی ہر ممکن جدوجہد کی جائے۔

محترمہ مصباح افتخار صاحبہ (ناظمہ فیصل آباد ضلع 2 ) نے شرکاء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے مقاصد سے روشناس کروایا، اس کے ساتھ ساتھ مراکز علم اور رفاقت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس کانفرنس میں شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا۔

sayada zainab conference faisalabad

sayada zainab conference faisalabad

sayada zainab conference faisalabad

تبصرہ