مقدسات کی توہین سے نقص امن عالم کو شدید خطرات ہیں
اسلام جیو اور جینے دو کی تعلیمات پر مبنی ضابطہ حیات ہے
مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ کا اجلاس سے خطاب
لاہور (8 جولائی 2023) منہاج القرآن ویمن لیگ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر سدرہ کرامت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام پر امن مذہب ہے اور بین المذاہب رواداری کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کا اس وقت تک ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ تمام آسمانی کتابوں پر ایمان نہ لے آئے۔ آج تک کسی مسلمان نے کسی مذہب کی مقدس کتاب کی توہین نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے بہیمانہ واقعہ سے دلوں میں ایک دوسرے کیلئے نفرتیں پیداہو رہی ہیں جو امن کیلئے خطرے کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ فوری روکا جائے اورایسے قانونی اقدامات کئے جائیں کہ 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کوئی مجروح نہ کر سکے ہم تمام مذاہب کی مقدس کتابوں کے احترام کی فکر رکھتے ہیں جو لوگ مقدسات کی توہین کرتے ہیں وہ امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ بین المذاہب رواداری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ مقدسات کی توہین سے نقص امن عالمی کو شدید خطرات ہیں۔ دین اسلام جیو اور جینے دو کی تعلیمات پر مبنی ضابطہ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی دنیا کے کسی مسلمان کیلئے قابل برداشت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن صرف امت مسلمہ کیلئے نہیں پوری انسانیت کیلئے ذریعہ ہدایت و نجات اور نصیحت ہے۔ غیر مسلم اگر اخلاص نیت کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیمات کو سمجھیں تو ان کے دل ہدایت کے نور سے روشن ہو جائیں گے اور ان کے دلوں کی سختی ختم ہو جائے گی۔ منہاج القرآن دنیا میں علوم القرآن، فہم القرآن اور تعلیم القرآن کے فروغ کی تحریک ہے۔
اجلاس میں عائشہ مبشر، انیلا الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، نورین علوی، ارشاد اقبال، کلثوم قمر و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ