ڈاکٹر فضہ حسین قادری کی منہاج کالج برائے خواتین کی طالبات کے ساتھ خصوصی تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں آپ نے تزکیہ نفس کے موضوع پر طالبات کو اپنے قیمتی ملفوظات سے نوازا۔ آپ نے فرمایا کہ عبادت کا اصل صرف فرائض نہیں بلکہ عبادت کا اصل معنی یہ ہے کہ انسان اللّٰہ رب العزت کی رضا کی خاطر مخلوق خدا کی خدمت کی جائے اور لوگوں کی حاجت روائی کی جائے۔ اعتکاف میں معتکفات کی خدمت تزکیہ نفس اور اصلاح احوال کا بہترین ٹریننگ پروگرام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوفیاء کرام کا یہ طریق ہے کہ جب وہ اپنے باطن کو کسے شے کی خواہش میں مبتلا پاتے تو اپنے نفس کے خلاف جاتے اور اپنے مریدین کی تربیت کا آغاز فرماتے تو انہیں خانقاہ کی خدمت پر مامور کرتے اور تزکیہ نفس اور تصفیہ باطن کی کئی منازل طے کرنے کے بعد انہیں اوراد و وظائف اور دینی علوم سکھاتے۔ جس کا مقصد ان کے قلب و باطن اور نفس میں موجود عیوب بیماریوں کا علاج کر کے سلوک و تصوف کی منازل طے کروانا ہوتا۔ ان منازل کی طرف گامزن ہو کر ہی اللّٰہ اور اس کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے قرب و رضا کا حصول ممکن ہے۔
تربیتی نشست میں حمیرا ناز، ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، یاسمین ظفر اور ڈاکٹر جویریہ حسن اور منہاج کالج برائے خواتین کے جملہ اساتذہ و سٹاف ممبران نے شرکت فرمائی۔
تبصرہ