منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام یوم وصال سیدہ عائشہ صدیقہ و یوم بدر کے موقع پر دعائیہ تقریب

سیدہ عائشہ صدیقہ محدثہ، مفسرہ اور مجتہدہ تھیں: ڈاکٹر فضہ حسین قادری
سیدہ عائشہ صدیقہؓ کا اسوہ قیامت تک کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے
معرکہ غزوہ بدر ظلم وشرک کو مسترد کرنے کااستعارہ ہے: ڈاکٹر فرح ناز

Prayer ceremony on the occasion of Sayyedah Ayesha Siddiqa and Badr Day

لاہور(8 اپریل 2023ء)منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے یوم وصال اور یوم بدر کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں خصوصی فکری نشست و دعائیہ تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے دعائیہ تقریب و فکری نشست میں شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنما فضہ حسین قادری نے فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ازواج مطہرات اُمت مسلمہ کی مائیں ہیں۔ اہل اسلام کی ان عظیم المرتبت ماؤں نے اپنے اقوال و افعال، عمدہ اخلاق اور اعلیٰ کردار سے اُمت کی تربیت کی ہے۔ انہی میں سے ایک عظیم المرتبت، عظیم النسبت اور جلیل القدر ماں سیدہ عائشہ صدیقہؓ ہیں۔ سیدہ عائشہ صدیقہؓ کی فضیلت اعلیٰ و ارفع ہے۔

فضہ حسین قادری نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ نے جہاں آنکھ کھولی وہ گھر صداقت کا گہوارہ تھا اور جہاں جا کر ازدواجی زندگی بسر کی وہاں نبوت کا بسیرہ تھا۔ حضور نبی اکرم ﷺنے امہات المومنین سے جس ازدواجی سلوک کا سبق اُمت کو دیا ہے بالخصوص سیدہ عائشہ صدیقہ کے ساتھ نرمی، شفقت، محبت اور تربیت کا برتاؤ ہم سب کے لئے قابل عمل نمونہ ہے۔ سیدہ عائشہ صدیقہؓ نے اپنی سیرت طیبہ کے احکام و قوانین، اخلاق و عادات کی تعلیم دینے میں بسر کی۔ سیدہ عائشہ صدیقہ فقیہا، محدثہ، مفسرہ اور مجتہدہ بھی تھیں۔ آپؓ کو مسلمان عورتوں میں سب سے بڑی فقیہا تسلیم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ کا شمار مدینہ کی ان چندعلمی شخصیات میں ہوتا تھا جن کے فتویٰ پر لوگوں کو مکمل اعتماد تھا۔ سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کا اسوہ قیامت تک خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔

فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ غزوہ بدر حق و باطل کے درمیان پہلا فیصلہ کن معرکہ ہے۔ معرکہ غزوہ بدر ظلم و شرک کو مسترد کرنے کا استعارہ ہے۔ غزوہ بدر میں دین اسلام کو عظیم الشان فتح نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر پوری انسانیت کو سلامتی و امن دینے کا نکتہ آغاز تھا۔ غزوہ بدر اہل ایمان کی شاندار فتح اور کامیابی کا دن ہے۔

فکری نشست و دعائیہ تقریب میں سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، ارشاد اقبال، انیلا الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، نورین علوی، کلثوم قمر سمیت دیگرخواتین راہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ