رمضان المبارک کی پُر نور ساعتوں کے فیوض و برکات کو سمیٹنے کے لئے نظامتِ دعوت و تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ملک بھر میں دروسِ عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، اٹک، جہلم، ننکانہ صاحب، نواب شاہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی دروسِ قرآن منعقد ہو رہے ہیں جن میں خواتین کثیر تعداد میں بھرپور شرکت کر رہی ہیں۔ ان دروسِ قرآن کا اصل مقصد خواتین میں قرآن کا فہم اور شعور بیدار کرنا اور قرآنی تعلیمات کا حقیقی ادراک پیدا کرنا ہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ امت کی خواتین کا قرآن اور صاحبِ قرآن ﷺ سے ٹوٹا ہوا ربط جوڑنے اور قرآنی تعلیمات کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے دن رات کوشاں ہے۔دروسِ قرآن کی ان نشستوں میں ویمن لیگ کی خواتین سکالرز کے خطابات نہایت جامع اور پُرمغز ہیں اور حقیقی معنوں میں قرآن کی ترجمانی کرتے ہیں۔
گوجرانوالہ میں درسِ قرآن کی نشست میں محترمہ نسرین اسلم نے ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ خواتین کو انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے آپ کا کہنا تھا کہ معاشرے کے ضرورت مند اور محتاج لوگوں کی مدد اللہ رب العزت کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔
ننکانہ صاحب میں درسِ قرآن کی نشست میں ’’روزہ اور تزکیۂ نفس‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔ گفتگو کرتے ہوئے سکالر نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کے روزے ہمیں اس لیے عطا فرمائے ہیں تاکہ ہم متقی ہو جائیں۔
اٹک میں ’’دعا اور آداب دعا‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا گیا۔ نوابشاہ میں محترمہ صائمہ اسد کے خطاب کا موضوع ’’روزہ کی فضیلت اور اس میں کارفرما حکمتیں‘‘ تھا۔ گوجرانوالہ میں محترمہ افشاں ہارون نے ’’روزہ حصولِ تقویٰ کا ذریعہ‘‘ پہ گفتگو کی۔ ان دروسِ قرآن میں شریک خواتین کو سالانہ شہرِ اعتکاف میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
تبصرہ