بچوں کے 4 روزہ کیمپ کے اختتامی روز ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی گئی
ایسی ورکشاپس سے بچوں کی ہمہ گیر تربیت، جسمانی و ذہنی صلاحیتیں نکھرتی ہیں: فہمیدہ ذیشان
منہاج القرآن میں ہر عمر کے افراد کیلئے تربیت اور رہنمائی کے ادارے موجود ہیں:ڈائریکٹر ایگرز ام کلثوم
کیمپ میں اخلاقی تربیت، آداب زندگی، حقوق و فرائض، دعائیں اور نماز کی عملی مشقیں بھی کرائی گئیں
لاہور (28 دسمبر2022ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی ڈیپارٹمنٹ ایگرز کے زیراہتمام 4 روزہ ونٹر کیمپ کے اختتامی روز بچوں کو ٹریفک قوانین کے احترام اور ان کی افادیت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اختتامی روز کی مہمان خصوصی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نواسی درۃ الزہرہ تھیں۔ ٹریفک پولیس لاہور کی انچارج ایجوکیشن یونٹ انسپکٹر فہمیدہ ذیشان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیمپ میں شریک بچوں کو لیکچر دیا اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالے سے بچوں کو عملی مشقیں بھی کروائی۔ ڈائریکٹر ایگرز ام کلثوم، ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ احمد، راشد کلیامی، ضیا الرحمن ضلج وقار احمد ترک اور ایگرز کی ایگزیکٹیوممبرز و ٹرینرز بسمہ خالد، عائشہ مشتاق، شمزہ لطیف، رومیسہ ریاض، ایمان فاروق ودیگر رہنماؤں نے ونٹر کیمپ میں خصوصی شرکت کی اور لیکچر دئیے۔ چار روزہ ونٹر کیمپ میں بچوں میں رائٹنگ سکلز، ٹائم مینجمنٹ، سیلف ڈسپلن، احداف کا تعین، لیڈر شپ کوالٹیز، فیزیکل گیم سمیت سونے، اٹھنے بیٹھنے صفائی کے آداب پر لیکچر بھی دئیے گئے اور عملی مشقیں بھی کرائی گئی۔ کیمپ میں شریک بچوں نے جدید طرز تعلیم سے خوب استفادہ کیا۔ بچوں کے اخلاقی تربیت، آداب زندگی، حقوق و فرائض، اذکار نماز، روز مرہ کی دعائیں اور نماز کی عملی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ چار روزہ ونٹر کیمپ میں بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا، تربیت کے دوران بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کے لئے ان کی کردار سازی کے مختلف امور سے روشناس کرایا گیا۔
ڈائریکٹر ایگرز ام کلثوم نے ونٹر کیمپ میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایگرز نے اپنی دینی، قومی و تنظیمی ذمہ داری کی انجام دہی کے لئے اس ونٹر کیمپ کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس پلیٹ فارم پر ہر عمر کے افراد کو سوسائٹی کا مفید ممبر بنانے کے لئے تعلیم و تربیت اور رہنمائی کے لئے ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اختتامی تقریب میں لیکچر دیتے ہوئے انسپکٹر فہمیدہ ذیشان نے کہا کہ ونٹر کیمپ میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کی شرکت دلچسپی اور جوش و خروش بہت حوصلہ افزاء ہے۔ اس طرح کی تقریبات بچوں کی ہمہ گیر تربیت، جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے اہم معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر فرد کا قومی فریضہ ہے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرکے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے طلباء ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ ٹریفک سگنل کی پابندی کی جائے زیبرا کراسنگ کا خاص خیال رکھا جائے۔
تقریب کی مہمان خصوصی درۃ الزہرہ نے کیمپ میں قابل ستائش خدمات انجام دینے والوں اور تربیت حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات و اسناد دی۔
تبصرہ