منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 75ویں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں ”تحریک پاکستان میں خواتین کا کردار“ کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے تحریک پاکستان میں حصہ لینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان ہو یا تعمیر پاکستان کی جدوجہد خواتین نے مرکزی کردار ادا کیا، آبادی کے 50 فی صد کو ترقی کے دھارے سے باہر رکھ کر کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کو تعلیم دینے سے خوشحال پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہو گا۔ تحریک پاکستان میں خواتین نے نا قابل فراموش کردار ادا کیا۔
سیمینار سے چیئرمین پولیٹیکل ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ارم خالد، سابق ممبر قومی اسمبلی رخسانہ نوید، ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ فاطمہ جناح ؒکی قریبی ساتھی شمسہ علی ایڈووکیٹ، سابق سیکرٹری لاہور بار ایسوی ایشن وسینئر قانون دان سیدہ فیروزہ رباب، پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما سابق ایم این اے غزالہ سیفی، نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت، ڈائریکٹر منہاجین عائشہ شبیر، عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاسی رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی شمسہ علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والی خواتین کا کردار آج کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والی خواتین کو اللہ تعالیٰ نے لاتعداد صلاحیتوں سے نواز رکھا تھا۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کے نام کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ جن کی بے مثال خدمات کے پیش نظر بابائے قوم نے فرمایا تھا کہ میں نے پاکستان کی جنگ اپنی بہن کی مدد سے جیتی۔
چیئرمین پولیٹیکل ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ارم خالد نے کہا کہ تحریک پاکستان میں مردوں کی طرح خواتین کا کردار بھی نمایاں رہا ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح ؒ، امجدی بانو بیگم، سلمہ تصدق حسین، بی امہ، بیگم رعنا لیاقت علی خان سمیت بے شمار خواتین تھیں جنہوں نے اپنی زندگیاں جدوجہد پاکستان کیلئے وقف کیں۔ ان خواتین کا لازوال کردار عظمت و حوصلہ اور علیحدہ ریاست حاصل کرنے کا جذبہ مردوں سے کسی طور پر کم نہ تھا۔ خواتین کی فعال شرکت نے تحریک پاکستان میں ایک نئی روح پھونکی۔
سینئر قانون دان سیدہ فیروزہ رباب ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والی خواتین سیاسی بصیرت، جرات مندی اور ایثار و قربانی کے جذبوں سے مالا مال تھیں۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ اور حصول پاکستان میں حصہ لینے والی دیگر خواتین کی بے لوث اور انتھک جدوجہد آنے والی نسلوں کیلئے مثال ہے۔
سیدہ فیروزہ رباب نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں اسلام کا امن و محبت کا عظیم پیغام اگلی نسلوں تک پہنچانے کیلئے عظیم کردار ادا کر رہی ہے۔
ممبر قومی اسمبلی رخسانہ نوید اور غزالہ سیفی نے اپنے خطابات میں کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان میں جو تاریخی کردار ادا کیا تھا استحکام پاکستان کی جدوجہد میں بھی وہ کسی سے پیچھے نہیں ہوں گی۔
نائب صدر سدرہ کرامت نے کہا کہ آبادی کے 50فی صد کو قومی دھارے سے باہر رکھ کر ترقی کا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کو تعلیم دینے سے خوشحال پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہو گا۔
تقریب میں نورین علوی، رافعہ ملک، ارشاد اقبال، حدیقہ بتول، مریم اقبال، سعدیہ احمد، کلثوم احمد و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ