منہاج کالج برائے خواتین میں ’’رمضان المبارک محاسبہ نفس اور تعمیر و تطہیرِ کردار کا مہینہ‘‘ کے موضوع پر تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا تھا، اس کی اختتامی نشست و افطار ڈنر میں محترمہ فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات سے ’’صبر و استقامت‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک عبادت و ریاضت میں اضافہ و سبقت کا مہینہ ہے۔ بلاشبہ رمضان المبارک روزہ داروں کو اللہ رب العزت کی رضا کی خاطر بھوک اور پیاس برداشت کر کے عملی طور پر صبر کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان رضائے خداوندی کے حصول کی راہ میں پیش آنے والی مشکلات اور مصائب پر صبر و استقامت سے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے تو لاتعداد فیوضات و انعاماتِ خداوندی کا مستحق ٹھہرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت کوئی Seasonal Activity نہیں بلکہ ان معمولاتِ عبادات پر مستقیم رہنے میں ہی کامیابی ہے۔ یہی استقامت ا نسانی کردار میں صحیح معنوں میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے طالبات و اساتذہ کو رمضان المبارک کے آخری دس دنوں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے سجائے گئے ’’شہرِ اعتکاف‘‘ میں معتکف ہونے کا بھی پیغام دیا، تاکہ ہم اپنے کردار و عمل کو سنتِ رسولﷺ کے مطابق ڈھالنے کی جانب سریع الرّفتار پیش قدمی کر سکیں۔
اختتام پر شرکاء کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں معزز مہمانان گرامی اور طالبات نے شرکت کی۔
تبصرہ