سیدہ خدیجۃ رسالت محمدی ﷺ کی سب سے پہلے تصدیق کرنے والی عظیم ہستی ہیں: ڈاکٹر فرح ناز

ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریؓ کی ذات مبارکہ خواتین کیلئے مکمل نمونہ عمل ہے: صدر ویمن لیگ
سیدہ خدیجہؓ کی سیرت و عادات ہر دور کی خواتین کے لئے مینارہ نور ہیں: سدرہ کرامت
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ”سیدہ خدیجۃ الکبریؓ کانفرنس“ سے خطاب

Sayyida Khadija al Kubra Conference

لاہور (12 اپریل 2022ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ام المومنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر ”سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا کانفرنس“ کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں سمیت خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ مسلم خواتین کے لئے نمونہ ہے۔ ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا خواتین میں اسلام قبول کرنے اور رسالت محمدی ﷺکی سب سے پہلے تصدیق کرنے والی عظیم ہستی ہیں۔ ڈاکٹر فرح ناز نے مزید کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا اعلیٰ اخلاق، بلند کردار اور شرافت و مرتبہ کی وجہ سے ”طاہرہ کے پاکیزہ لقب“ سے جانی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب پروری اور سخاوت حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا کی امتیازی خصوصیات تھیں۔ ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا کو دین اسلام اور بارگاہ مصطفی ﷺ میں بڑی فضیلت حاصل تھی۔ خاتون جنت جیسی عظیم و مقدس ہستی حضرت سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے پیدا ہوئیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا جب تک حیات رہیں آپ کی موجودگی میں حضور اکرم ﷺ نے کسی خاتون سے نکاح نہیں کیا۔ سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا نے حضور اکرم ﷺ سے بے پناہ محبت کی۔ انہوں نے کہا کہ ام المومنین حضرت سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی سیرت و عادات ہر دور کی خواتین کے لئے مینارۂ نور ہیں جس سے روشنی حاصل کرنے والی خواتین سلامتی و عافیت والی زندگی پائیں گی۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی ہستی تمام عالم نسواں کے لئے مکمل و اکمل نمونہ عمل ہے۔

کانفرنس میں انیلا الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، رافعہ روج، ارشاد اقبال، نورین علوی، فہنیقہ ندیم سمیت دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ