منہاج القرآن ویمن لیگ کا اجلاس، خواتین کے شہر اعتکاف کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

خواتین کے شہر اعتکاف کیلئے 40 انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں
رمضان المبارک اصلاح احوال کا مہینہ ہے: مسز فضہ حسین قادری
شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ شروع، کوروناویکسینیٹڈ خواتین ہی معتکف ہو سکیں گی
ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، عائشہ شبیر، فریدہ سجاد، حمیرا ناز، انیلہ الیاس، ام حبیبہ اسماعیل و دیگر کی شرکت

MWL forms 40 administrative committees for arrangements of Itikaf City

لاہور (7 اپریل 2022) منہاج القرآن ویمن لیگ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن، تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ شہر اعتکاف میں خواتین معتکفات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اجلاس میں ویمن اعتکاف گاہ کیلئے چار سو خواتین ممبران پر مشتمل 40 انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ انتظامی کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر مرکزی رہنماؤں کو رپورٹ دیں گی۔ اجلاس میں مسز فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا ویکسنیٹڈ خواتین ہی شہر اعتکاف میں شرکت کر سکیں گی۔ خواتین کے شہر اعتکاف میں معتکفات کیلئے علمی و روحانی، اخلاقی و تربیتی معمولات کا شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ معتکفات کیلئے وظائف، محافل ذکر و نعت کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرز شہر اعتکاف کا حصہ بننے والی معتکفات کے ساتھ خصوصی تربیتی سیشن میں خطابات بھی کریں گی۔ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں خواتین کی علمی و اخلاقی رہنمائی اور تربیت کیلئے سیشن منعقد کئے جائیں گے۔

اجلاس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، عائشہ شبیر، فریدہ سجاد، حمیرا ناز، انیلہ الیاس، عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسز فضہ حسین قادری نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ رمضان کا مہینہ ذاتی محاسبہ کا مہینہ بھی ہے یہ مبارک مہینہ اصلاح احوال کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر حقیقی کامیابی کا دارومدار نظم و ضبط و درست سمت کے تعین اور پیروی پر منحصر ہوتا ہے۔ اپنی زندگیوں اور معاشرے میں سکون و خوشحالی لانے کیلئے ہمیں اپنے طرز عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمارے دین نے ہمیں راہ دکھلائی ہے۔

تبصرہ