منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام عالمی یوم خواتین پر ’’حقوق نسواں‘‘ سیمینار

world women day 2022

منہاج القرآن ویمن لیگ (وائس) کے زیراہتمام 8 مارچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ حکومت ویمن امپاورمنٹ پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ خواتین کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت پر جتنا موجودہ دور حکومت میں کام ہوا اس سے پہلے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ تحریک انصاف کی حکومت حضور نبی اکرم ؐ کی تعلیمات کے مطابق خواتین کے عزت و احترام اور امپاورمنٹ کو یقینی بنارہی ہے۔ ریاست مدینہ میں خواتین کو مردوں کی طرح جان و مال کا تحفظ اور تعلیم و تربیت کا ماحول میسر تھا۔

انہوں نے 8 مارچ یوم خواتین کے موقع پر اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا خواتین کی تعلیم و تربیت میں مثالی کردار ہے۔

وحدت المسلمین کی مرکزی ناظمہ و ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ زہرہ نقوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین کو وراثت میں حصہ دار بنا کر ان کے معاشی حقوق کا تحفظ کیا۔ اسلام سے قبل خواتین کو انسان ہی نہیں سمجھا جاتا تھا۔ پیغمبر اسلامؐ نے عورت کو ماں، بہن، بیٹی، بیوی کی صورت میں شناخت اور تحفظ دیا۔ انہوں نے کہا حضور نبی اکرمؐ نے بیٹیوں کو زندہ دفن کرنے والی جاہلانہ سوچ کو 14سو سال قبل دفن کر دیا تھا۔ انہوں نے میانوالی میں نوزائیدہ بیٹی کو قتل کرنے کے واقعہ کو ملکی تاریخ کا ایک انتہائی شرمناک واقعہ قرار دیتے ہوئے درندہ صفت انسان کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

دانشور، کالم نویس خالدہ جمیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین کی بہنوں اور بیٹیوں کی عزت نہیں رہتی اس معاشرے سے اللہ کی برکتیں اٹھ جاتی ہیں۔ آج کی خاتون باشعور، اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ ہے۔ خواتین سوسائٹی میں مردوں کے شانہ بشانہ تعمیر و ترقی کے عمل کا پوری طرح حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیات کے ہوتے ہوئے کوئی خواتین کا استحصال نہیں کر سکتا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ پڑھی لکھی خواتین اور سیاسی، سماجی تحریکوں کو حقیقی ویمن امپاورمنٹ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پردے کے خلاف مہم جوئی کو ویمن امپاورمنٹ کا نام دینا بہت بڑا دھوکہ ہے۔

مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم و تربیت ان کے حقوق و فرائض اور تحفظ کے لئے جو چارٹر اسلام اور پیغمبرِ اسلام نے دیا اس کی کہیں اور مثال نہیں ملتی۔

سیمینار میں ایک قراردادکے ذریعے میانوالی میں ظالم اور سنگ دل باپ کی طرف سے 7 روز کی نوزائیدہ بیٹی کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے دلخراش واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بیٹی کے قاتل کی ایف آئی آر ریاست اپنی معیت میں درج کر کے قاتل کو عبرتناک سزا دلوائے۔ بیٹیوں کو قتل کرنا ابوجہل کی سوچ ہے، ایسے گھناؤنے فعل کا اسلام اور مصطفوی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔

سیمینار میں ایک اور قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ مستحق اور بے سہارا خواتین کے لئے گزارہ الاؤنس دیا جائے، ورکنگ ویمنز کے لئے ہر شہر میں ہوسٹل تعمیر کئے جائیں، سرکاری اداروں میں تعلقات عامہ کے آفسز اور شکایات سیل میں خواتین کے مسائل سننے کے لئے خواتین کو تعینات کیا جائے۔ جوائنٹ فیملی سسٹم کے استحکام اور مسائل کے حل کے لئے سرکاری سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ گھریلو خواتین کی سکلز کے فروغ اور انہیں بروئے کار لائے جانے کے حوالے سے قانون سازی کی جائے۔

اجلاس میں قرار داد پیش کی گئی کہ سکول، کالجز میں خواتین کے عزت و احترام اور تکریم پر مبنی کتب تیار کر کے نصاب میں شامل کی جائیں۔ سیمینار میں ڈائریکٹر وائس عائشہ مبشر، انیلہ الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، ارشاد اقبال، کلثوم قمر، سعدیہ احمد، مریم اقبال و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

world women day 2022

world women day 2022

world women day 2022

world women day 2022

world women day 2022

تبصرہ