پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیراہتمام منعقدہ خصوصی نشست سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا طلبہ و طالبات کو حقیقی کامیابی حاصل کرنے کے لیے قرآن و سنت کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا یہ زندگی دارالجزا نہیں بلکہ دارالایمان ہے۔ انسان اس دنیا میں فقط اور فقط شاندار آخرت کی تیاری کے لئے آیا ہے۔ لہذا کامیاب وہ ہے جس نے آخرت کا سامان تیار کر کے اللہ کو راضی کر لیا اور ناکام ہوا وہ شخص جو خود کو ضائع کر بیٹھا۔ انہوں نے کہا کہ اس منزل کو سامنے رکھ کر کامیابی کے پیمانوں کا جائزہ لینا اور ان کی سمت درست کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں کامیابی کے معیارات تبدیل ہو کر مال ودولت، جائیداد، کاروبار، شہرت، اقتدار، عہدہ، طاقت، جاہ و منصب سے سے بدل گئے ہیں، جبکہ حقیقی کامیابی اللہ تعالیٰ کی بندگی سے جڑی ہے۔ حقیقی کامیابی ایمان، عمل صالح، تواصی بالحق، تواصی بالصبر سے ہے۔ کامیابی کے اس راز کو پالینا ہے انسانی شخصیت میں انقلاب بپا ہو جانا ہے۔
اس خصوصی نشست کا اہتمام پنجاب آرٹس کونسل مری نے طلبہ و طالبات اور معاشرے کے تمام طبقات کی تعلیم و تربیت اور معاشرتی مسائل کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے لیے کیا تھا۔ اس سلسلہ وار ماہانہ لیکچرز کا پہلا لیکچر منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز صاحبہ نے دیا۔ لیکچرز میں دیگر ماہرین بھی خطاب کریں گے۔
تبصرہ