کورس میں داخلے کیلئے پاکستان اور بیرون ممالک سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے
سکالرز خواتین کو ترجمہ، عربی گرائمر، تلاوت اور احکام تجوید سے متعلق لیکچر دیں گی
قرآن حکیم کی تلاوت سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کے زنگ اترتے ہیں: ام حبیبہ اسماعیل
لاہور (3 ستمبر 2021) منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ عرفان الہدایہ کے زیراہتمام خواتین و طالبات کیلئے قرآن حکیم کا اردو بامحاورہ و لفظی ترجمہ، سورتوں کا تعارف اور تفسیر سیکھنے، سمجھنے کیلئے ”منتخابات القرآن“ سیریز کے پہلے 20 روزہ آن لائن کورس ”حوامیم سیشن“ کا آغاز 6 ستمبر سے ہو گا۔ اس آن لائن کورس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرز خواتین کو قرآن حکیم کا ترجمہ، عربی گرائمر، تلاوت قرآن حکیم اور احکام تجوید سے متعلق لیکچر دیں گی۔ 20 روزہ کورس میں داخلے کیلئے پاکستان اور بیرون ممالک سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، نائب ناظمہ انیلہ الیاس ڈوگر، ام حبیبہ اسماعیل، لبنیٰ مشتاق، رافعہ عروج، حاجرہ قطب اعوان، فاطمہ سعید، اقرا مبین و دیگر خواتین سکالرز 20 روزہ آن لائن کورس میں روزانہ لیکچرز دیں گی۔
کورس کی تعارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب ناظمہ ام حبیبہ اسماعیل نے کہا کہ قرآن حکیم سچائیوں پر مبنی علوم کی ایک ایسی درسگاہ ہے جو نسل آدم کو دنیا میں امن و سکون اور ترقی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آخرت کی تکالیف سے بچنے اور محفوظ رہنے کے طریقے بھی بتاتی ہے۔ قرآن حکیم اپنے سیکھنے اور سمجھنے والوں کی ایسی رہنمائی کرتا ہے کہ انہیں غلامی سے سرداری، دشمنی سے دوستی، تکبر سے عاجزی، نفرت سے محبت کے قرینے سکھاتا ہے۔ قرآن حکیم کی تلاوت سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کے زنگ اترتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کو ترجمے کے ساتھ پڑھنا چاہیے تاکہ معلوم ہو کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کیا فرماتے ہیں۔ تعارفی سیشن میں کلثوم طفیل اور فاطمہ سعید خان نے بھی گفتگو کی۔
تبصرہ